ٹی ٹوئنٹی میں نوجوانوں کو موقع دینا صحیح وقت تھا: روہت
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے بعد کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ روہت نے کہا تھاکہ وہ اب بین الاقوامی سطح پر ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلیں گے۔
کانپور: ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے بعد کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ روہت نے کہا تھاکہ وہ اب بین الاقوامی سطح پر ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلیں گے۔
یہ فیصلہ روہت نے ہندوستان کو عالمی چمپئن بنانے کے بعد لیاتھا۔ اس وقت ایسا لگتا تھاکہ روہت بڑھتی عمر کے ساتھ ایک فارمیٹ کو الوداع کہہ چکے ہیں لیکن دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اب اس فیصلے کی اصل وجہ بتادی ہے۔
یہ روہت کی کپتانی میں ہی تھاکہ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا خطاب جیتا تھا۔ ٹیم انڈیا 17 سال بعد یہ ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس کے بعد روہت اور ویراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
روہت نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بارے میں بات کی۔ روہت نے کہاکہ نہیں، نہیں، میں نے ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ لے لی کیونکہ میرا وقت ختم ہوگیا تھا۔ مجھے اس فارمیٹ میں کھیلنے کا مزہ آتا ہے۔ میں نے 17 سال تک کھیلا، جب آپ ورلڈکپ جیتتے ہیں تو یہ آگے بڑھنے کا حق ہے۔
وقت آپ کچھ مختلف چیزوں کو دیکھ سکتے ہیں، بہت سے اچھے کھلاڑی ہیں جو ہندوستان کیلئے اچھا کرسکتے ہیں۔ روہت نے کہاکہ میں نے محسوس کیاکہ یہ صحیح وقت ہے۔ میں اب بھی تینوں فارمیٹس آسانی سے کھیل سکتا ہوں۔ اس لیے میں کہتا ہوں کہ فٹنس آپ کے ذہن میں ہے اور آپ کس طرح کی تربیت کرتے ہیں۔
مجھے لگتا ہے کہ ہر چیز ہمارے ذہن میں ہوتی ہے۔ مجھے اس پر بہت اعتماد ہے۔ واضح رہے کہ روہت شرما ہندوستان کیلئے ونڈے اور ٹسٹ کی کپتانی کررہے ہیں۔ ان کی نظریں اگلے سال ہونے والی چمپئنز ٹرافی پر ہوں گی۔ ٹیم انڈیا نے 2013 سے چمپئنز ٹرافی نہیں جیتی ہے۔
2017 میں ہندوستان فائنل میں پہنچا تھا لیکن فائنل میں پاکستان سے ہارگیا تھا۔ اس بار روہت یہ خطاب جیتنے کی کوشش کریں گے۔ روہت ہندوستان کو آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں بھی جیت دلانا چاہیں گے۔