شبِ قدر کی رات حیدرآباد میں ٹرافک پابندیاں، فلائی اوورز پر ٹووہیلر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
ٹریفک پولیس کے مطابق 16 اور 17 مارچ 2026 کی درمیانی شب یعنی رات 10 بجے کے بعد شہر کے چند اہم فلائی اوورز پر دو پہیہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد فلائی اوورز پر ٹریفک کے بہاؤ کو محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
حیدرآباد: شبِ قدر کے موقع پر جاگنے کی رات کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سلامتی اور ٹریفک کے بہتر نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک ہدایات جاری کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس رات شہر میں بڑی تعداد میں لوگ عبادت اور دیگر سرگرمیوں کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے ٹریفک حادثے یا ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 16 اور 17 مارچ 2026 کی درمیانی شب یعنی رات 10 بجے کے بعد شہر کے چند اہم فلائی اوورز پر دو پہیہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔ اس اقدام کا مقصد فلائی اوورز پر ٹریفک کے بہاؤ کو محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
جن فلائی اوورز پر یہ پابندی نافذ کی جائے گی ان میں ڈاکٹر منموہن سنگھ ایکسپریس فلائی اوور، جو چڑیا گھر پارک سے آرام گھر تک جاتا ہے، بہادرپورہ فلائی اوور، جو دیوی باغ سے چڑیا گھر کے گیٹ نمبر 2 تک ہے، چندریان گٹہ فلائی اوور، جو نایارا پیٹرول پمپ ہاشم آباد سے پھول باغ ڈی ایل آر ایل تک پھیلا ہوا ہے، اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فلائی اوور، جو پیصل بندہ سے لکشما ریڈی گارڈن فنکشن ہال تک جاتا ہے شامل ہیں۔
ٹریفک حکام نے شہر کے عوام اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر اور محفوظ انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔
پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر شہریوں کو آمد و رفت کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش آئے یا مزید معلومات درکار ہوں تو وہ ٹریفک ہیلپ لائن نمبر 9010203626 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ ٹریفک ہدایات جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) حیدرآباد کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔