امریکہ و کینیڈا

ٹرمپ نے آسیان اتحادیوں کو امریکہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، دفاعی تعاون بڑھانے پر زور

مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

منیلا: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز جنوب مشرقی ایشیا کے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون مضبوط بنانے کے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی شراکت داروں کو ”سو فیصد” حمایت دینے کا یقین دلایا۔

مسٹر ٹرمپ نے منیلا میں خصوصی امریکہ۔آسیان سربراہی اجلاس اور عشائیے کے دوران فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگراموں اور امریکی دفاعی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر توسیع کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کی ”کامیابی، خودمختاری اور خوشحالی” کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بحرہند۔بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتے ہوئے حفاظتی چیلنجوں کے درمیان واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا، ”ہم اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی 100 فیصد حمایت کرتے ہیں۔” انہوں نے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ کسی بھی بحران کی صورت میں وہ براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”جب کوئی مسئلہ ہو تو آپ مجھے فون کریں گے۔ آپ مارکو کو فون کریں گے، دوسروں کو فون کریں گے اور اگر وہ جواب نہ دیں تو مجھے فون کیجیے۔ میں آپ کا فون ضرور اٹھاؤں گا۔”

امریکی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی کمپنیاں جدید فوجی سازوسامان کی تیاری بڑھانے کے لیے 22 سے زیادہ نئے کارخانے قائم کر رہی ہیں۔ ان میں پیٹریاٹ میزائل نظام، تھاڈ فضائی دفاعی نظام اور ٹوماہاک میزائلوں کی تیاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہمارے پاس زمین پر اب تک کی سب سے مضبوط اور اہل فوج ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی مسلح افواج میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پورے خطے میں اپنی دفاعی شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔

مسٹر ٹرمپ نے انڈونیشیا کے ساتھ ایک بڑے دفاعی تعاون کے معاہدے کا بھی ذکر کیا۔ اس کا مقصد خصوصی فوجی دستوں کی مشترکہ تربیت کو وسعت دینا اور فوجی جدید کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔ فلپائن کے ساتھ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ان کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے فلپائن کے ساتھ اپنے دفاعی تعاون میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ فلپائن تاریخی طور پر امریکہ کا ایک اہم اتحادی رہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اس سے پہلے ہمارے تعلقات کبھی اتنے قریبی رہے ہیں جتنے آج ہیں۔”

علاقائی استحکام کے معاملے پر مسٹر ٹرمپ نے کوالالمپور امن معاہدے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ مل کر انہوں نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان اس معاہدے کے لیے ثالثی کی تھی۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے جنگ بندی یقینی ہوئی، جس کے نتیجے میں ”ہزاروں اور ہزاروں لوگوں کی جانیں بچیں” اور بے گھر شہری اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکے۔

مسٹر ٹرمپ نے کہا، ”ہم اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور معاہدے پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔”

دفاع کے علاوہ مسٹر ٹرمپ نے مصنوعی سپر ذہانت، توانائی کی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی برتری کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے لیے امریکہ کو ایک اہم اقتصادی اور حفاظتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ”توانائی سے لے کر ٹیکنالوجی، سلامتی اور اس سے آگے تک، دنیا میں امریکہ سے بہتر کوئی شراکت دار نہیں ہے۔”