سابق میئر اور ایم آئی ایم لیڈر عبدالملک پر فائرنگ کیس میں دو گرفتار
مالیگاؤں کے سابق میئر اور مجلس کے لیڈر عبدالملک یونس عیسیٰ شیخ پر فائرنگ کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اراضی کی معاملت پر یہ واردات پیر کو ابتدائی ساعتوں میں قدیم آگرہ روڈ پر پیش آئی تھی۔
ناسک: مالیگاؤں کے سابق میئر اور مجلس کے لیڈر عبدالملک یونس عیسیٰ شیخ پر فائرنگ کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اراضی کی معاملت پر یہ واردات پیر کو ابتدائی ساعتوں میں قدیم آگرہ روڈ پر پیش آئی تھی۔
موٹرسیکل پر سوار دو افراد کے حملے میں 39سالہ شیخ شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں دواخانہ میں شریک کرایا گیا۔ یہ واردات علاقہ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے منگل کو فاروق پٹیل اور اس کے مددگار کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کیس درج کرلیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس انیکیت بھارتی نے مالیگاؤں میں پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ یہ حملہ مہالڈے شیور میں اراضی کی معاملت کا نتیجہ تھا۔
ملزمین کے قبضے سے ایک پستول، دو زندہ کارتوس اور ایک ٹو وہیلر ضبط کرلی گئی۔ حملے کے وقت شیخ قدیم آگرہ روڈ پر بلڈنگ میٹریل کی دکان کے باہر کچھ لوگوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔
اس واردات سے مالیگاؤں میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور پولیس نے سیکورٹی میں اضافہ کردیا۔
مالیگاؤں (سنٹرل) سے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی محمد اسمٰعیل عبدالخالق نے پیر کو دعویٰ کیا کہ مالیگاؤں میں حالیہ کچھ دنوں میں نظم و ضبط کی صورت حال ابتر ہوگئی۔ انہوں نے یہ مسئلہ اسمبلی اور محکمہ داخلہ کے ساتھ اٹھانے کی بھی بات کہی۔