تلنگانہ کے اردو صحافیوں کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز، افتتاحی اجلاس میں معزز مہمانوں کی شرکت
اس افتتاحی اجلاس میں تلنگانہ کی 14 اضلاع سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کو جدید صحافتی مہارتوں اور تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ اُردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TUWJF) کے زیر اہتمام اور میڈیا اکیڈمی آف تلنگانہ (TGMA) کے اشتراک سے اُردو صحافیوں کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز کیا گیا۔
اس افتتاحی اجلاس میں تلنگانہ کی 14 اضلاع سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کو جدید صحافتی مہارتوں اور تقاضوں سے روشناس کرانا ہے۔
پروگرام کا افتتاح میڈیا اکیڈمی آف تلنگانہ کے چیئرمین کے۔ سرینواس ریڈی نے انجام دیا۔ اس موقع پر تلنگانہ اُردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان بھی موجود تھے، جنہوں نے اُردو صحافت کے فروغ میں مشترکہ کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب اردو اکیڈمی کی جانب سے اُردو صحافیوں کو کمپیوٹر تقسیم کیے جائیں گے۔
فیڈریشن کے صدر ایم۔ اے۔ ماجد اور جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین نے پروگرام کی قیادت کی اور تربیتی ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔ یہ دو روزہ تربیتی پروگرام کل یعنی 31 اگست 2025 کو اختتامی اجلاس کے ساتھ مکمل ہوگا۔