حیدرآباد

حیدرآباد میں علیحدہ مقامات پر قتل کی دو وارداتیں

حیدرآباد میں دوبارہ قتل کی وارداتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ گزشتہ 5 گھنٹوں کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں میں قتل کی 2وارداتیں پیش آئی ہیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد میں دوبارہ قتل کی وارداتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ گزشتہ 5 گھنٹوں کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں میں قتل کی 2وارداتیں پیش آئی ہیں۔

مہلوکین میں ایک ضعیف العمر شخص بھی شامل ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ مغلپورہ کے رہنے والے عبدالحکیم کا فیل خانہ بیگم بازار میں بیاٹری مرمت کا کارخانہ ہے۔ وہ کل رات کو گھر نہیں لوٹے، جس پر گھر کے افراد پریشان تھے۔ آج صبح 7 بجے حکیم کے فرزندخلیل بیاٹری کی دکان پہونچے تو وہاں انہوں نے خون میں لت پت اپنے والد کی لاش کو پایا۔

بتایاجاتا ہے کہ نامعلوم شخص نے بعد تعاقب عبدالحکیم پر پیچھے سے مہلک ہتھیار سے حملہ کردیا جس کے سبب شائد وہ برسرموقع جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعہ کی آج صبح اطلاع ملنے پر بیگم بازار پولیس اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے فیل خانہ میں واقع بیاٹری کی دکان (دوسری منزل) پہونچ کر حالات سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر وہاں بھاری ہجوم جمع ہوگیا تھا۔ پولیس اس سلسلہ میں قتل کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔

ابھی حملہ آور کا کوئی سراغ تو ملا نہیں ہے لیکن سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پولیس سراغ لگانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ پولیس نے سراغ رسانی ٹیم کو بھی طلب کرلیا ہے۔ ایک دوسرے واقعہ ایس آر نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ آندھراپردیش کے نندیال کا 28 سالہ وینکٹ رمنا جو اسکول میں ٹیچر کی حیثیت سے کام کرتا تھا، اور وہ ہاسٹل کے روم میں قیام رہتا تھا۔

اس کے ہی روم میں حجام کا کام کرنے والا گنیش بھی مقیم تھا۔ گنیش روزانہ شراب نوشی کرکے آتا تھا اور حالت نشہ میں چیخ و پکار کرتا تھا جس کی وجہ سے وینکٹ رمنا کی نیند پوری نہیں ہوتی تھی اس سلسلہ میں دونوں کے درمیان کل رات بھی بحث وتکرار ہوگئی۔

اس بحث کے درمیان گنیش نے قینچی سے وینکٹ رمنا پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ایس آر نگر مقام واردات پر پہونچی اورلاش کو بغرض پوسٹ مارٹم ہاسپٹل کو منتقل کردیا۔ پولیس کو ملزم گنیش کی تلاش ہے۔ ایس آر نگر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

a3w
a3w