آندھراپردیش

سرکاری اسپتال میں ڈیوٹی کے دوران آئٹم گانے پر رقص، دو نرسیں معطل (ویڈیو وائرل)

تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ نرسیں اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے مریضوں کو نظر انداز کر کے رقص میں مصروف تھیں، جو ایک غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ اعتراض عمل ہے۔

وشاکھاپٹنم: آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کے راجہ مندری سرکاری اسپتال میں ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ڈیوٹی کے دوران رقص کرنے والی دو نرسوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمۂ صحت نے فوری کارروائی کی۔

متعلقہ خبریں
دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج کامیاب زندگی کی ضمانت ہے، وزیرِ اقلیتی بہبود و قانون کا جامعۃ المؤمنات میں خطاب
بچوں کے سامنے ہوم گارڈ کا خاتون کے ساتھ ’مجرا‘ — ویڈیو وائرل ہونے کےبعد محکمہ نے فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا
اےپی کے وجیانگرم میں نو بیاہتا جوڑا مشتبہ حالات میں مردہ پایاگیا
آکاش ایجوکیشنل سروسز نے تلگو زبان میں یوٹیوب چینل کا آغاز کر کے امیدواروں کیلئے تعلیمی رسائی بڑھا دی
سمہا چلم اپنا سوامی مندر میں دیوار گرنے کا واقعہ، سافٹ ویر انجینئر جواڑا سمیت 8 افراد ہلاک

تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن سے ایک دن قبل اسپتال کے سیمینار ہال میں کچھ نرسنگ عملے نے ایک آئٹم گانے پر رقص کیا تھا۔ اس دوران بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد عوام اور مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔

تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ نرسیں اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے مریضوں کو نظر انداز کر کے رقص میں مصروف تھیں، جو ایک غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ اعتراض عمل ہے۔

معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد محکمۂ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضلع کلکٹر کیرتی چیکوری نے دو ہیڈ نرسوں مرسی اور ایشوری کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

حکام کے مطابق اس واقعہ میں رقص کی حوصلہ افزائی کرنے والی مزید 12 نرسوں کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

محکمۂ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران اس طرح کی لاپروائی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔