چلتی ٹرین میں تلوار لہرانے پر دو افراد گرفتار
کرناٹک ریلوے پولیس نے چلتی ٹرین کے اندر تلواریں لہرانے پر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس واقعہ سے مسافرین میں افراتفری اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔

دکشن کنڑ: کرناٹک ریلوے پولیس نے چلتی ٹرین کے اندر تلواریں لہرانے پر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس واقعہ سے مسافرین میں افراتفری اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت جیہ پربھو اور پرساد کی حیثیت سے کی گئی جو گوا سے ٹامل ناڈو کے ترونالویلی جارہے تھے۔
یہ واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب ترونالویلی سوپر فاسٹ ایکسپریس سورتھکال سے دکشن کنڑ کے ٹوکورو جارہی تھی۔ حالت نشے میں دونوں نے تلواریں نکال لیں اور مسافرین کو دھمکانا شروع کردیا۔
نتیجتاً مسافرین اپنی جان بچاکر ڈبے سے باہر فرار ہوگئے۔
ٹی ٹی ای بابو، کے کے سرینواس شیٹی اور تمپا گورا فوری وہاں پہنچے اور ان کے ہاتھوں سے تلواریں چھین لیں۔ بعد ازاں ملزمین کو منگلورو ریلوے اسٹیشن پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
اس واقعہ کے نتیجہ میں ٹرین کی کئی نشستیں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچا۔ ریلوے پولیس نے تلواریں ضبط کرلیں۔