تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد کی دو طالبات امریکہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک
دونوں طالبات نے حال ہی میں اپنی ایم ایس کی ڈگری مکمل کی تھی اور وہ امریکہ میں روزگار کے بہتر مواقع تلاش کر رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ایک سیر و تفریح سے واپس لوٹ رہی تھیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد کی دو طالبات کیلیفورنیا، امریکہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔
مہلوک لڑکیوں کی شناخت 25 سالہ میگھنا رانی اور 24 سالہ کے بھاونا کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع محبوب آباد کے منڈل گارلا کی رہنے والی تھیں۔
دونوں طالبات نے حال ہی میں اپنی ایم ایس کی ڈگری مکمل کی تھی اور وہ امریکہ میں روزگار کے بہتر مواقع تلاش کر رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ایک سیر و تفریح سے واپس لوٹ رہی تھیں۔
بتایا گیا ہے کہ ان کی کار اچانک سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
مقامی حکام نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثہ کی اصل وجہ کاپتہ چلایاجاسکے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گاڑی سڑک سے کیوں پھسلی۔ محبوب آباد میں ان کے آبائی گھروں پر صف ماتم بچھ گئی ہے اور خاندان کے افراد حکومت سے ان کی لاشوں کو واپس لانے کے لئے تعاون کی اپیل کر رہے ہیں۔