طوفان باوی کی تباہ کاریاں فلپائن میں 15 افراد ہلاک، جاپان اور تائیوان میں بھی نظامِ زندگی مفلوج
شدید موسمی حالات کے باعث جاپان میں 345 پروازیں منسوخ، فیری سروس معطل اور 24 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہوگئی۔
منیلا : طوفان باوی کے باعث جنوبی فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں تقریباً 15 افراد ہلاک جبکہ قریبی جزیرے منڈاناؤ میں 6 افراد لاپتہ ہو گئے۔
طوفان کے باعث جاپان کے جنوبی جزائر اور تائیوان میں بھی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا۔ شدید موسمی حالات کے باعث جاپان میں 345 پروازیں منسوخ، فیری سروس معطل اور 24 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہوگئی۔
جاپان کے اوکیناوا اور ساکیشیما جزائر میں 198 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ طوفان کا رخ تائیوان کی جانب ہونے پر تائیوان میں 14 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ 920 بین الاقوامی اور 280 اندرونِ ملک پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
طوفان کے پیشِ نظر متعدد شہروں میں دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے۔ طوفان چین کے شہر وینژو سے بھی ٹکرانے کا امکان ہے۔ چینی حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر ہنگامی تیاریاں مکمل کر لیں، سیاحتی مقامات اور فیری سروس بھی معطل کر دی گئی۔