مہاراشٹرا

ادھو اور راج ٹھاکرے کی دو ہفتوں میں دوسری ملاقات

شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھوٹھاکرے نے چہارشنبہ کے دن ممبئی میں اپنے رشتہ کے بھائی اور مہاراشٹرا نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے سے ملاقات کی۔

ممبئی (پی ٹی آئی) شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھوٹھاکرے نے چہارشنبہ کے دن ممبئی میں اپنے رشتہ کے بھائی اور مہاراشٹرا نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات 2 جماعتوں کے مجوزہ اتحاد کے پس منظر میں ہوئی۔ ادھو ٹھاکرے راج ٹھاکرے کے بنگلہ (شیوتیرتھ۔ دادر) پہنچے۔

گزشتہ دو ہفتوں میں دونوں کی یہ دوسری ملاقات ہے۔ گزشتہ ماہ ادھو ٹھاکرے گنیش چترتھی کے موقع پر راج ٹھاکرے سے ملنے گئے تھے۔ 5جولائی کو دونوں نے ممبئی میں ایک مشترکہ جلسہ سے خطاب کیا تھا جو سہ لسانی فارمولہ واپس لئے جانے کا جشن منانے کیلئے منعقد ہوا تھا۔

جولائی کے آخر میں راج ٹھاکرے ماتوشری آئے تھے۔ باندرہ کے کلانگر میں واقع یہ بنگلہ ادھوٹھاکرے کی رہائش گاہ ہے۔ وہ ادھوٹھاکرے کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دینے آئے تھے۔ دونوں کی جماعتوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) الیکشن مل کر لڑیں گی۔

بی ایم سی کا شمار ملک کی امیر ترین بلدیات میں ہوتا ہے۔ دونوں جماعتوں میں اگر اتحاد ہوجائے تو ان کا اصل مقابلہ بی جے پی سے ہوگا۔