وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن:جی کشن ریڈی
جی کشن ریڈی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔

جموں:مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے جمعہ کے روز کہاکہ وزیر اعظم کی سربراہی میں جموں وکشمیر ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔انہوں نے کہا:‘بھاجپا سنیچر سے جموں وکشمیر میں الیکشن مہم شروع کرئے گی۔’ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بھارتیہ جنتاپارٹی نے تمام طرح کی تیاریاں پوری کی ہیں۔ان کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی سنیچر سے جموں وکشمیر میں الیکشن مہم شروع کرئے گی اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار بی جے پی واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔
مرکزی وزیر کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں نہ صرف امن واپس لوٹ آیا بلکہ مرکزی زیر انتظام علاقہ ترقی کے نئے منازل طے کر رہا ہے.انہوں نے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ جموں وکشمیر میں پر امن الیکشن ہونگے اور بھاجپا حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
جی کشن ریڈی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جموں وکشمیر کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔بتادیں کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔