نواب احمد عالم خان کی صدارت میں میسکونئے عزائم کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن
ڈاکٹر محمد افتخار الدین سکریٹری میسکو نے میسکو ڈائگناسٹک سنٹر، دارالشفاء، حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ تین سالوں کے درمیان ہونے والے عدالتی فیصلوں اور بعض غیر ذمہ دار اور مخالف افراد کی ناجائز کوششوں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔
حیدرآباد:میسکومینجنگ کمیٹی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نواب احمد عالم خان کی صدارت میں نئی منزلوں کی طرف رواں دواں ہونے کو ہے۔ڈاکٹر محمد افتخار الدین سکریٹری میسکو نے میسکو ڈائگناسٹک سنٹر، دارالشفاء، حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ تین سالوں کے درمیان ہونے والے عدالتی فیصلوں اور بعض غیر ذمہ دار اور مخالف افراد کی ناجائز کوششوں سے متعلق تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال سے میسکو ممبرس، میسکو کے ہمدرد افراد اور عام لوگوں میں میسکو کی بقاء کے تعلق سے ایک قسم کی فکر اور بے چینی پائی جارہی تھی۔ کیونکہ چند لوگ جن کا میسکو سے تعلق نہیں ہے یا جو غیر ذمہ دار ہیں انہوں نے زبردستی مسیکو کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی تھی۔
اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے مسیکو مینجنگ کمیٹی نے یہ طئے کیاتھا کہ ہم اس کا قانونی طور پر مقابلہ کرینگے اور جو عدالت کے فیصلے آئینگے ہم اس کے پابند رہینگے۔ اللہ رب العزت کے بے حد فضل وکرم سے گذشتہ تین سال میں تقریباً 70مقدمات (کیسز) سول کورٹ، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں دائر کئے گئے اور الحمد للہ ان سارے کیسز میں میسکو مینجنگ کمیٹی کو کامیابی حاصل ہوئی۔
اور بالآخر عدالت نے میسکو مینجنگ کمیٹی کو ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف انجکشن آرڈر دیا اور ہائیکورٹ کی سنگل بینچ اور ڈبل بینچ دونوں نے پولیس پروٹکشن دیا۔جبکہ غیر قانونی افراد کا اب کوئی عمل دخل نہیں رہے گا اوریہ افراد رجسٹرار کے ریکارڈ میں بھی میسکو کے ممبرس نہیں رہے ہیں۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہیکہ میسکو کے سارے عدالتی مقدمات کی پیروی جناب میر مسعود خان ایڈوکیٹ اور جناب میر عمر خان ایڈوکیٹ نے کی۔
2018میں مینجنگ کمیٹی نے ڈاکٹر شمشاد حسین صاحب کی علالت اور وفات کے بعد جنہیں صدرمنتخب کیا گیا۔ گذشتہ 45برسوں سے میسکو میں رواج رہا ہے کہ کسی سینئر ڈاکٹر کو صدر چنا جاتا ہے تاکہ وہ سارے ممبرس کو ساتھ لے کر چلے اور میسکوکے اصول و ضوابط اور آئین کا لحاظ رکھتے ہوئے تنظیم کی نگرانی کرے۔
لیکن بہت افسوس سے یہ کہنا پڑتا ہے اُس وقت کے صدر نے انتہائی غیر ذمہ داری، جانبداری، لاپرواہی اور آئین کا کوئی لحاظ کئے بغیر میسکو پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔یہاں اختلاف اس بات کا تھا کہ تنظیم اپنے آئین کے مطابق چلے یا کسی کی مرضی کے مطابق چلے۔
بس اسی بات کو ثابت کرنے کیلئے تین سال کی جدوجہد عدالتوں میں ہوئی تاکہ تنظیم اور اسکے آئین کا وقار باقی رہے اور جو لیگل کمیٹی ہے اس کو اختیار ملے۔
پچھلے تین سالوں کی تفصیلات طوالت اختیار کریں گے لیکن بات کو مختصر کرتے ہوئے انہوں نے چند معلومات میڈیا کے سامنے پیش کئے تاکہ عوام اور ہمدردان میسکو کی بے چینی دور ہوسکے اور پھر سے ایک نئے عزم و حوصلے کے ساتھ میسکو کی ترقی کو تابناک شکل کی دی جاسکے۔
اس موقع پر جناب احمد عالم خان صدر میسکو نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اہم ادارہ کی صدارت پر فائز فرمایا انہوں نے تمام اراکین و ذمہ داروں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے انہیں اس اہم عہدہ کے لئے منتخب فرمایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پوری دیانت داری اور احسن طریقہ سے انجام دینے کی سعی کرینگے۔ڈاکٹر ایم اے متین نائب صدر نے بھی اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی کہ وہ میسکو کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہ میسکو کے تعلیمی و طبی اداروں کی جو ساخت متاثر ہوئی تھی اسے بحال کرنے کیلئے کچھ عرصہ ضرور لگے لگا لیکن اللہ رب العزت سے قوی امید ہے کہ وہ تمام ذمہ داروں اور تعاون کرنے والوں کی کوششوں کو ثمر آور فرمائے گا۔اس موقع پرڈاکٹر الیاس محمد، ڈاکٹر عبدالکبیر، ڈاکٹر تنزیل منور، جناب ناصر قریشی، سید محمد حسین اور و دیگر ممبران موجود تھے۔