شمالی بھارت

یکساں سیول کوڈ لاگو ہوگا۔ قبائلیوں کو استثنیٰ۔ بی جے پی کا انتخابی منشور جاری (ویڈیو)

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ جھارکھنڈ میں اگر بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) لاگو کیا جائے گا، لیکن قبائلیوں کو اِس سے باہر رکھا جائے گا۔

رانچی (پی ٹی آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ جھارکھنڈ میں اگر بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو ریاست میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) لاگو کیا جائے گا، لیکن قبائلیوں کو اِس سے باہر رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
امیت شاہ سے ملاقات کی افواہ بے بنیاد: سنجے راوت
مودی یا امیت شاہ کے ہاتھوں انتخابی منشور کی اجرائی متوقع
جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی: لالوپرساد یادو
یکساں سیول کوڈ کو زبردستی مسلط نہیں کیا جاسکتا: مولانا محب اللہ ندوی
ملک میں 10سال میں مزید 75ہزار میڈیکل نشستیں:امیت شاہ

امیت شاہ نے بھگواجماعت کا منشور ”سنکلپ پتر“ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریاست میں صنعتوں اور کانوں کی وجہ سے بے دخل ہونے والے لوگوں کی بازآبادکاری یقینی بنانے کے لئے ڈسپلیسمنٹ کمیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے رانچی میں کہا کہ ہماری حکومت جھارکھنڈ میں یو سی سی متعارف کرائے گی، لیکن قبائلیوں کو اس سے باہر رکھا جائے گا۔

ہیمنت سورین اور جے ایم ایم حکومت جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں کہ یو سی سی سے قبائلیوں کے حقوق اور کلچر پر اثر پڑے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ یہ پوری طرح بے بنیاد پروپگنڈہ ہے، کیونکہ قبائلیوں کو یکساں سیول کوڈ کے تحت لایا ہی نہیں جائے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ بھگوا جماعت کو اگر برسراقتدار لایا جائے تو وہ روزگار کے 5لاکھ مواقع فراہم کرے گی۔ اِن میں 2.87لاکھ سرکاری نوکریاں شامل ہوں گی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ بی جے پی جھارکھنڈ میں دراندازوں کے قبضہ سے زمین واپس لینے کا قانون بنائے گی۔ وہ دراندازوں کو نکال باہر کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیرقانونی امیگرینٹس کے باعث ’ماٹی، بیٹی، روٹی‘ خطرہ میں ہے۔ بی جے پی دیسی لوگوں کو تحفظ فراہم کرے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بے حس ہیمنت سورین حکومت کے 5 سالہ بدعنوان دورِ اقتدار میں عورتوں کے خلاف جرائم میں 29 فیصد کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے جے ایم ایم حکومت پر دراندازوں کی سرپرستی کا الزام عائد کیااور کہا کہ ریاست میں قبائلی آبادی گھٹ رہی ہے، آبادی کی ہیئت تیزی سے بدل رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہندو خطرہ میں ہیں اور خوشامد عروج پر ہے۔ جھارکھنڈ ملک کی سب سے زیادہ کرپٹ ریاست ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہم ریاست میں 10نئے میڈیکل کالجس قائم کریں گے۔ ہم آیوشمان بھارت جیون دھارا یوجنا کا کوریج 5لاکھ روپیوں سے بڑھاکر 10 لاکھ روپے کردیں گے۔ یہ اسکیم 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لئے ہے۔

ہم ابتدائی طبی مراکز اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹرس میں بستروں کی تعداد بڑھاکر 25 ہزار کردیں گے۔ بی جے پی کی حکومت بننے پر جھارکھنڈ میں تمام غریبوں کو مکانات دئے جائیں گے۔ پی ایم آواس یوجنا کے تحت جملہ 21لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

بوڑھوں، بیواؤں، معذورین کو ماہانہ 2500 روپے کی پنشن ملے گی۔ بی جے پی حکومت گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کو 2 سال تک 2 ہزار روپیوں کی مالی امداد دے گی۔ 81 رکنی جھارکھنڈ اسمبلی کیلئے 13نومبر اور 20نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 23نومبر کو ہوگی۔