ہندوستانی آسمان پر ’بلڈ مون‘ چھا جائے گا، کیا حیدرآباد میں بھی نظر آئے گا انوکھا نظارہ؟ (ویڈیو)
ماہرین فلکیات کے مطابق 7 ستمبر کی رات ایک نایاب فلکی مظہر رونما ہوگا جب مکمل چاند گرہن کے دوران چاند سرخ رنگ میں ڈھل جائے گا جسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
حیدرآباد: ماہرین فلکیات کے مطابق 7 ستمبر کی رات ایک نایاب فلکی مظہر رونما ہوگا جب مکمل چاند گرہن کے دوران چاند سرخ رنگ میں ڈھل جائے گا جسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
یہ منظر ہندوستان سمیت ایشیا، افریقہ اور آسٹریلیا کے کئی حصوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا تاہم امریکہ میں اس کا نظارہ ممکن نہیں ہوگا۔
یہ سال کا دوسرا چاند گرہن ہے، پہلا گرہن 14 مارچ کو ہوا تھا جو ہندوستان میں نظر نہیں آیا تھا جبکہ اس بار یہ گرہن ہندوستان بھر میں صاف دکھائی دے گا اور دہلی، ممبئی، کولکتہ، حیدرآباد اور بنگلورو سمیت کئی بڑے شہروں میں لوگ اس نایاب منظر دیکھ سکیں گے۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق یہ ہلکا سایہ رات آٹھ بجکر 58 منٹ پر شروع ہوگا، جزوی گرہن رات9 بجکر 57منٹ سے اور مکمل گرہن رات 11:30 پر شروع ہو کر رات 12 بجکر 52 منٹ پرختم ہوگا جبکہ زیادہ سے زیادہ گرہن رات 12 بجکر 11 منٹ پر نظر آئے گا۔
اس کے بعد جزوی گرہن کا اختتام رات ایک بجکر 56 منٹ پر اورہلکے سایہ کا اختتام رات کے آخری حصہ یعنی 2 بجکر 55 منٹ پر ہوگا۔
یہ پورا فلکی مظہر 5 گھنٹے 27 منٹ تک جاری رہے گا اور مکمل گرہن تقریباً 82 منٹ برقرار رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دوران زمین کا سایہ سورج کی روشنی کو فلٹر کرتا ہے جس کے نتیجے میں سرخ روشنی چاند پر پڑتی ہے اور وہ سرخ دکھائی دیتا ہے۔