تلنگانہ میں 1140 اسسٹنٹ پروفیسر کے عنقریب تقررات: ہریش راؤ
ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے ہاسپٹلوں میں انفیکشن پر قابو پانے کیلئے ت ین سطحی اقدامات کو روبعمل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انفیکشن کنٹرول کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت وطبابت ٹی ہریش راؤ نے اسسٹنٹ پروفیسرس کی 1140 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ بہت جلد جاری کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹروں (پی ایچ سیز) میں ایک ہزار ڈاکٹروں کا متبادل نظم کیا جائے گا جس کے احکام اندرون 10 یوم جاری کئے جائیں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ مزید140 دائیاں (مڈواٹفس) دستیاب کرائی جائیں گی۔ شہر کے نظام انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) میں جمعہ کے روز منعقدہ ”ہاسپٹل انفیکشن، پری ومنشن اینڈ کنٹرول ٹریننگ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران پرائمری ہیلت سنٹرس اور ٹرثیری سطح پر اضافی ڈاکٹروں کا تقرر کیا جائے گا۔
سرکاری میٹرنیٹی دواخانوں میں مزید 140نرسس کا جنہوں نے اپنا کورس مکمل کرلیا ہے، تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ20 کروڑ کے مصارف کے ساتھ ریاستی حکومت نے آلات کی دیکھ بھال پالیسی کو متعارف کرایا ہے۔30 کروڑ روپے کے مصارف سے مردہ خانوں (مارچریز) کو عصری بنایا جارہا ہے اور 56 انتہائی عصری آلٹرا ساونڈ مشینیں خریدی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت، انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ممکنہ مساعی انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے دیہی وشہری علاقوں کے غریبوں کو علاج معالجہ کی بہتر اور معیاری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے ہاسپٹلوں میں انفیکشن پر قابو پانے کیلئے ت ین سطحی اقدامات کو روبعمل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انفیکشن کنٹرول کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہر ہاسپٹل کا سپرنٹنڈنٹ، اس کمیٹی کا صدر رہے گا۔ ہر ماہ یہ کمیٹی، متعلقہ ہاسپٹل کی صورتحال کا جائزہ لے گی اور تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ آپریشن تھیٹرس میں ضرورت کے مطابق کنٹرول آفیسر اور اسٹاف نرسس کا تقرر کیا جائے گا۔
انفیکشن کنٹرول کے حصہ کے طور پر ریاست کے تمام ٹیچنگ ہاسپٹلوں کے اسٹاف کو نمس میں دو یوم کی تربیت دی جائے گی۔ تمام ٹیچنگ ہاسپٹلوں میں آروگیہ شری اسکیم کو منظوری دی جائے گی۔