مشرق وسطیٰ

اُردواکیڈمی جدّہ کی جانب سے اُردووانگریزی تقریری کوالیفائنگ مقابلوں کا کامیاب انعقاد

یہ مقابلےگزشتہ 24 سالوں سے طلبہ وطالبات کی تقریری مہارتوں کو نکھارنے اور ان کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں ۔ ان مقابلوں میں اردو اور انگریزی زبانوں میں طلبہ وطالبات نے اپنی تقریری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

جدہ : اُردواکیڈمی جدّہ کی جانب سے قونصل خانہ ہند‘ جدہ میں 18۔ جنوری کو منعقد ہونے جارہے 24ویں یومِ قومی تعلیم بیاد مولانا ابوالکلام آزاد ؒ کے تقریری مقابلوں کےکوالیفائنگ اُردووانگریزی تقریری مقابلے برائے طلبہ وطالبات کا دربارہال شاداب رسٹورینٹ حی العزیزیہ جدہ میں مولانا حافظ محمد عبدالسلام صدر اُردواکیڈمی کی زیرِ نگرانی انعقاد عمل میں آیا ۔

 یہ مقابلےگزشتہ 24 سالوں سے طلبہ وطالبات کی تقریری مہارتوں کو نکھارنے اور ان کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں ۔ ان مقابلوں میں اردو اور انگریزی زبانوں میں طلبہ وطالبات نے اپنی تقریری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں تقریری نشستیں رکھی گئیں۔

 جس میں جدہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ وطالبات نے حصہ لیا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ مقابلے میں ہر طالب علم کو مختلف موضوعات پر تقریر کرنے کا موقع ملا جس میں خواتین کی تعلیم، مولانا ابوالکلام آزادؒ، تعلیم کے میدان میں ترقی، اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات شامل تھے۔

 تمام شرکاء گوگل فارم کے ذریعہ مقررہ تاریخ سے پہلے ہی اپنے نام رجسٹر کروالیئے تھے ۔ اس پروگرام کا آغاز حافظ محمد زُبیرکی قرأت اور محترم سیدمحمد خالد حُسین مدنی نائب صدر اُردو اکیڈمی کی نعت شریف سے ہوا۔

 پروگرام کی کارروائی جناب اسلم افغانی پروگرام کووآرڈینیٹراور مرزا قدرت نواز بیگ شریکِ معتمد اکیڈمی نے بحسن وخوبی چلائی ۔ ٹوسٹ ماسٹرڈاکٹرخواجہ یمین الدین نے ابتداء میں مقابلے کے قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا۔  تمام شرکاء مقابلہ کوتقریر کے لئے 4 سے 6 منٹ دئیے گئے تھے جس میں شرکاء نے اپنے موضوعات کو بہت ہی مؤثر طریقہ سے پیش کیا۔ تجربہ کار ٹوسٹ ماسٹرس نے ججس کے فرائض انجام دئے اور تقاریر کا بغور جائزہ لیا۔

ججس نے تقریر کی زبان، مواد، روانی، اور اثر پر خاص توجہ دی۔ جس میں ٹوسٹ ماسٹرڈاکٹرخواجہ یمین الدین نے بحیثیت چیف جج جبکہ سینئر ٹوسٹ ماسٹر محترم انصاری‘ ٹوسٹ ماسٹرمحترم ارشد‘ ٹوسٹ ماسٹرمحترم عسکراور ٹوسٹ ماسٹر معین بحیثیت جج شامل تھے ۔ ٹوسٹ ماسٹرمرزا عبدالرحمٰن بیگ نے بحیثیت ٹائمر خدمات انجام دی۔

 فائنل میں پہونچنے والے طلبہ وطالبات 18۔ جنوری کو منعقدہونے والے مقابلوں میں مظاہرہ پیش کریں گے اور وہاں بہترین مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات واسنادات سے نوازا جائیگا۔  مقابلوں کا اختتام کامیابی کے ساتھ ہوا اور تمام شرکاء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

 اس موقع پرمسرس سید نعیم الدین باری معتمد ‘سمیع فاروقی خازن‘حافظ محمد نظام الدین غوری معتمد نشرواشاعت ‘ محمد یوسف وحید‘ غلمان رضا‘ محترمہ سراج النساء اور محترم محمد یحیی اراکین معزز اُردواکیڈمی نے اس پروگرام میں مختلف ذمّہ داریوں کو نبھایا ۔

 محترم سید عبدالوھاب قادری جوائنٹ کووآرڈینٹر نے تمام شرکاء، منصف صاحبان، اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ اس مقابلے نے طلبہ وطالبات میں تقریری مہارتوں کو فروغ دینے اور ان کی خود اعتمادی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا- محمد وسیم ‘محمد جعفر‘ حافظ محمد ذیشان علی اور حافظ محمد زبیر (اراکین دارالعلم) نے انتظامات میں حصّہ لیا ۔