امریکی شہریوں کو زائداز 350 کروڑ روپیوں کا دھوکہ، امرتسر اور دہلی میں سائبرکرائم ٹولی بے نقاب
سی بی آئی نے ایک ماہر سائبرکرائم سنڈیکیٹ کو بے نقاب کیا ہے جس نے 2023 سے لے کر اب تک امریکی شہریوں سے 350 کروڑ روپے لوٹ لئے۔ تین دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے اپنے آپ کو تکنیکی مددگار ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کو لوٹ رہے تھے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سی بی آئی نے ایک ماہر سائبرکرائم سنڈیکیٹ کو بے نقاب کیا ہے جس نے 2023 سے لے کر اب تک امریکی شہریوں سے 350 کروڑ روپے لوٹ لئے۔ تین دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے اپنے آپ کو تکنیکی مددگار ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کو لوٹ رہے تھے۔
ان کی گرفتاری کی یہ کارروائی امریکی فیڈرل بیورو آف انوسٹیگیشن (ایف بی آئی)کے ساتھ قریبی تال میل رکھتے ہوئے انجام دی گئی۔ جس کے نتیجہ میں اس ٹولی کے تین اہم کارکنوں جگراحمد، یش کھرانہ اور اندرجیت سنگھ بالی کی گرفتاری عمل میں آئی اور اُن کے قبضہ سے 54 لاکھ روپے، 8 موبائل اور لیاب ٹاپس کے ساتھ ساتھ اُن کی رہائشگاہ سے انجام دیئے جانے والے جرم سے متعلق ڈیجیٹل ثبوت برآمد کئے گئے۔
سی بی آئی نے 18 اگست کو ایک ایف آئی آر رجسٹرڈ کی تھی جس کے بعد 20 اگست سے امرتسر اور دہلی میں تلاشی مہم شروع کی گئی اور دھوکہ دہی کے اس جال کو بے نقاب کیا گیا جو پنجاب سے لے کر واشنگٹن ڈی سی تک پھیلا ہوا تھا اور امریکی شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔
سی بی آئی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 2023 تا2025 کے دوران ملزمین نے شکار بننے والے افراد کے کمپیوٹر سسٹم اور بینک اکاؤنٹس تک غیرمجاز رسائی حاصل کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنانے کی سازش تیار کی۔ دھوکہ بازوں نے ریموٹ ایکسیس سافٹ ویر کا بیجا استعمال کرتے ہوئے امریکی شہریوں کے کمپیوٹر سسٹم اور بینک اکاؤنٹس تک غیرمجاز رسائی حاصل کی اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے کھاتوں میں الٹ پھیر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ان شہریوں کے فنڈس کو خطرہ لاحق ہے اور متاثرین کا استحصال کرتے ہوئے اُن سے 40 ملین امریکی ڈالرس (350 کروڑ روپے) کرپٹو کرنسی والٹس میں منتقل کروائے جو اُن کے زیر کنٹرول تھے۔ اِس کارروائی کے دوران سی بی آئی نے 34 افراد سے پوچھ تاچھ کی جنہیں غیرقانونی کال سنٹر میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
تحقیقاتی ایجنسی نے ملزمین کی جانب سے چلائے جانے والے کال سنٹر ”ڈیجی کیاپس“ پر دھاوا کیا۔ یہ کال سنٹر امرتسر میں خالصہ ویمنس کالج کے روبرو گلوبل ٹاور میں واقع تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کال سنٹر پر دھاوا کرنے سے 85 ہارڈ ڈرائیوز، 16 لیاپ ٹاپس اور 44 فونس میں موجود ڈیجیٹل ثبوت اور غیرقانونی اثاثے برآمد ہوئے۔