حیدرآبادسوشیل میڈیا

سفر حج کے اخراجات میں ایک لاکھ کی کمی کا امکان: صدر نشین محمد سلیم

صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ سال سے سفر مقدس کے اخراجات میں ایک لاکھ روپئے کی کمی ہونے کی توقع ہے۔

حیدرآباد: صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ سال سے سفر مقدس کے اخراجات میں ایک لاکھ روپئے کی کمی ہونے کی توقع ہے۔

آج دفتر حج کمیٹی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کی جانب سے سنٹرل حج کمیٹی سے سفر مقدس کے اخراجات میں ایک لاکھ روپئے کمی لانے کا مطالبہ کیا گیا اور سنٹرل حج کمیٹی نے ریاستی حج کمیٹیوں کی اس درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کیا۔

محمد سلیم نے کہا کہ انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی سے تلنگانہ کے حج کوٹہ کو 7000 اور آندھراپردیش کے کوٹہ کو3000کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ12 نومبر کو نئی دہلی میں سنٹرل حج کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں نے مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی سے حج کی ادائیگی پر عائد اخراجات کو 4لاکھ سے کم کرتے ہوئے ڈھائی تا تین لاکھ روپئے کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سمرتی ایرانی نے اس درخواست پر غور کرنے کا تیقن دیا۔محمد سلیم نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں سفر کے اخراجات بڑھ کر چارتا ساڑھے چار لاکھ روپئے ہوگئے ہیں۔صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے مزید کہا کہ خانگی ٹور آپریٹرس سے بھی خواہش کی گئی ہے کہ آئندہ سال سے وہ بھی چارجس میں کمی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے خانگی ٹور آپریٹرس کی جانب سے وصول کئے جارہے چارجس پر نگرانی رکھی جائے گی۔ اگر حکومت کی جانب سے تدوین کردہ قواعد وضوابط پر عمل نہیں کیا جاتا ہے تو خاطی آپریٹرس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

محمد سلیم نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے جاریہ سال سے ملک کے کوٹہ کو 75,000سے بڑھاکر دولاکھ کرنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران عازمین کی عمر پر عائد تحدیدات کو ہٹانے کیلئے مرکزی حکومت نے رضا مندی ظاہر کی ہے۔

آئندہ سال سے تمام عمر کے افراد کو حج کیلئے روانہ ہونے کی اجازت دینے کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔محمد سلیم نے کہا کہ حج کیلئے درخواست فارموں کی اجرائی کا آغاز دسمبر کے پہلے ہفتہ سے ہوگا۔