امریکہ و کینیڈا

امریکی انٹیلی جنس کے جائزے کے مطابق ایران کے پاس اب بھی 1,500 سے 2,500 بیلسٹک میزائلیں

امریکی خفیہ ایجنسیوں کا تخمینہ ہے کہ فوجی بنیادی ڈھانچے پر کئی مہینوں کے مربوط حملوں کے باوجود ایران کے پاس اب بھی تقریباً 1,500 سے 2,500 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ اس دوران، ایران نے بحرین میں ایک امریکی فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنا کر ایک اور ڈرون حملہ کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔

واشنگٹن: امریکی خفیہ ایجنسیوں کا تخمینہ ہے کہ فوجی بنیادی ڈھانچے پر کئی مہینوں کے مربوط حملوں کے باوجود ایران کے پاس اب بھی تقریباً 1,500 سے 2,500 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ اس دوران، ایران نے بحرین میں ایک امریکی فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنا کر ایک اور ڈرون حملہ کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔


‘دی وال اسٹریٹ جرنل’ کی ہفتہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی حکام نے اس تخمینے کو ‘کم بھروسے والا اندازہ’ قرار دیا ہے، کیونکہ ایران کے میزائل ذخیرے اور پیداواری صلاحیت پر نظر رکھنا مشکل ہے۔ حکام نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایران کے پاس اب بھی بڑا میزائل ذخیرہ موجود ہے۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کا بھی ماننا ہے کہ ایران کے پاس 1,500 سے زیادہ بیلسٹک میزائل ہیں۔ میزائلوں کے اس ممکنہ بڑے ذخیرے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اندر اس بحث کو متاثر کیا ہے کہ آیا اسلامی جمہوریہ پر دوبارہ حملے کیے جانے چاہئیں۔


اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ تصادم کے دوران ایران کے میزائل ذخیرے اور پیداواری مراکز کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے باوجود ایک اسرائیلی حکام نے کہا کہ تہران ایک اور تصادم کی تیاری کر رہا ہے۔ حکام نے اخبار کو بتایا، "وہ دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں اور ہتھیار جمع کر رہے ہیں۔”


ایران نے گزشتہ ہفتے ایک نئی زیر زمین سہولت کا افتتاح کیا، جسے ‘میزائل سٹی’ بتایا گیا ہے۔ بلومبرگ کی ایک الگ رپورٹ میں مغربی عہدیدار کے حوالے سے تخمینہ لگایا گیا کہ ایران کے پاس کم از کم 1,700 بیلسٹک میزائل بچے ہیں اور وہ ہر ماہ 50 اور میزائل بنا رہا ہے۔ یہ اس کی جنگ سے پہلے کی پیداواری صلاحیت کا تقریباً نصف ہے۔


خبروں کے مطابق، مسٹرٹرمپ نے اپنے سینئر مشیروں سے کہا ہے کہ اگر تہران اور یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کوئی نئی اشتعال انگیزی نہیں کرتی ہے تو وہ فی الحال ایران پر مزید حملے کرنے سے گریز کر سکتے ہیں۔ وہیں، اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو مبینہ طور پر واشنگٹن پر ایران کے خلاف فوجی مہم دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔


یہ خفیہ اندازہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے اتوار کو بحرین میں ایک امریکی فوجی تنصیب پر ڈرون حملے کی ذمہ داری لی۔

تین دنوں میں یہ دوسری بار ہے جب ایران نے بحرین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔


ایران کے طاقتوراسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا کہ اس نے امریکی فضائی دفاعی رڈار تنصیب پر چھ ڈرون داغے۔ یہ تنصیب الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر واقع ہے۔ آئی آر جی سی نے اسے امریکہ کی مبینہ دشمنانہ کارروائیوں کے جواب میں کی گئی کارروائی قرار دیا۔


بحرین کی فوج نے کہا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے کئی ایرانی حملوں کو ان کے مقررہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے
ہی روک دیا۔ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کی میزبانی کرنے والے اس ملک نے ہنگامی الرٹ جاری کر کے لوگوں سے محفوظ مقامات پر جانے کی اپیل کی۔ تاہم، راڈار تنصیب کو نقصان پہنچنے کی فوری طور پر کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔


بحرین کی وزارت خارجہ نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آپس میں حساب کتاب چکانے کا میدان بنائے جانے کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ وزارت نے ان حملوں کے نتائج کے لیے ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا۔


تازہ واقعہ جمعہ کو پیش آئے ایسے ہی ایک تصادم کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس وقت آئی آر جی سی نے بحرین میں امریکہ کے ایک ابتدائی انتباہی راڈار سسٹم پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے دو ڈرون کو روک دیا اور اس دوران نہ تو کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی مالی نقصان پہنچا۔