یہودی عباد ت گاہوں کی ریکی پرگرفتار نوجوان کا بشنوئی گینگ سے تعلق
ممبئی میں ایک نوجوان کو یہودی عبادت گاہوں کی ریکی کے لئے پکڑا گیا تھا۔ اسے جس شخص نے بھرتی کیا تھا اسے کیرلم پولیس نے لارینس بشنوئی گینگ سے مشتبہ روابط کے سلسلہ میں گرفتار کیا ہے۔
تھروسور(کیرلم) (پی ٹی آئی) ممبئی میں ایک نوجوان کو یہودی عبادت گاہوں کی ریکی کے لئے پکڑا گیا تھا۔ اسے جس شخص نے بھرتی کیا تھا اسے کیرلم پولیس نے لارینس بشنوئی گینگ سے مشتبہ روابط کے سلسلہ میں گرفتار کیا ہے۔
ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ نوی ممبئی کے رہنے والے 20سالہ یش سنگھ کو مہاراشٹرا انسداد دہشت گرد دستہ (اے ٹی ایس) نے یہودی عبادت گاہوں بشمول ممبئی کے سبت ہاؤس کی ریکی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اسے بعد ازاں تھروسور سٹی پولیس کے حوالہ کردیا گیا جو اسے اتوار کے دن کیرلم لے آئی۔ وہ اب عدالتی تحویل میں ہے۔
یش سنگھ کی گرفتاری سے قبل تھروسور سٹی پولیس نے گرو مورتی کو گرفتار کیا تھا جو کاندیولی ویسٹ نوی ممبئی کا رہنے والا ہے۔ اس کی جڑیں تملناڈو میں ہیں۔ اسے لارینس بشنوئی گینگ کی ہدایت پر فلمی ستاروں کی تصاویر لینے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرومورتی نے ہی یش سنگھ کو بھرتی کیا تھا۔
یہ دونوں گذشتہ کئی ماہ سے ایک دوسرے کے رابطہ میں تھے۔ گرومورتی نے یش سنگھ کو کئی مرتبہ پیسہ بھیجا تھا۔ شبہ ہے کہ یہ دونوں بشنوئی گینگ کے لئے کام کرتے ہیں۔ خبر ہے کہ یشپال سنگھ نے غیر ملکی دہشت گرد گروپس کی ہدایت پر کام کیا تھا تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ یہ دونوں بشنوئی گینگ کے لئے ہی کام کرتے ہیں۔
پولیس گذشتہ ماہ ایک نرسری کو آگ لگانے کے سلسلہ میں گرفتار ایبن پال سے ان کے روابط کی بھی جانچ کررہی ہے۔یہ نرسری ارناکلم میں یہودی عبادت گاہ کے سامنے واقع تھی۔