امریکہ نے ایرانی برقی پلانٹس پر حملے 5 دن کیلئے ملتوی کردئے
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے دن کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کے محکمہ دفاع کو ہدایت دی ہے کہ ایرانی برقی پلانٹس اور انرجی انفرااسٹرکچر پر تمام فضائی حملے 5 دن کے لئے ملتوی کردیئے جائیں۔
واشنگٹن (آئی اے این ایس) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے دن کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کے محکمہ دفاع کو ہدایت دی ہے کہ ایرانی برقی پلانٹس اور انرجی انفرااسٹرکچر پر تمام فضائی حملے 5 دن کے لئے ملتوی کردیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ امریکہ اور ایران کے بیچ گزشتہ 2 دن میں بڑی اچھی اور ثمرآور بات چیت ہوئی ہے۔ یہ بات چیت مشرقِ وسطیٰ میں ہماری دشمنی پوری طرح ختم کرنے اور مسئلہ کی یکسوئی کے لئے ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر لکھا کہ بات چیت کے لب و لہجہ کی بنیاد پر انہوں نے اپنے محکمہ دفاع سے کہا ہے کہ ایرانی برقی پلانٹس اور انرجی انفرااسٹرکچر پر جو منصوبہ بند فضائی حملے کئے جانے تھے انہیں 5 دن کے لئے معطل رکھا جائے۔
جاریہ بات چیت کی کامیابی پر اگلے مرحلہ کا انحصار ہوگا۔ ہفتہ کے دن ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ تہران نے اگر 48 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز نہیں کھولی تو امریکہ اس کے پاور پلانٹس کو مٹادے گا۔
انہوں نے تاہم کہا کہ واشنگٹن اس جنگ میں اپنے فوجی اہداف کی تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اپنے مشرقِ وسطیٰ کے حلیفوں بشمول اسرائیل‘ سعودی عرب‘ قطر‘ متحدہ عرب امارات‘ بحرین‘ کویت اور دیگر ممالک کا دفاع کرنے کا پابندعہد ہے۔