گیان واپی کیس‘ ویدک سناتن سنگھ سربراہ کو وارانسی پولیس کی نوٹس
جتیندر سنگھ نے مانا کہ اسے نوٹس مل گئی ہے۔ اس نے کہا کہ وہ مقررہ وقت میں جواب دے گا لیکن اس کو سخت اعتراض اس بات پر ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے نوٹس میں گیان واپی مسجد لکھا ہے۔

وارانسی: وارانسی پولیس نے وشواویدک سناتن سنگھ (وی وی ایس ایس) کے سربراہ جتیندر سنگھ وسین کو نوٹس جاری کی ہے کہ وہ گیان واپی معاملہ سے جڑے 5کیسس کا پاور آف اٹارنی‘ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو دینے کے اعلان کی وضاحت کرے۔
انسپکٹر چوک شیوکانت مشرا نے اخبارات میں شائع بیان کے حوالہ سے جتیندر سنگھ کو نوٹس جاری کی۔ وی وی ایس ایس سربراہ نے کہا تھا کہ وہ وی وی ایس ایس ایس یا اس سے جڑے لوگوں کی طرف سے مختلف عدالتوں میں لڑے جارہے تمام 5مقدمات کا پاور آف اٹارنی‘ چیف منسٹر کو دے دیں گے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ضلع مجسٹریٹ(کلکٹر) اور کمشنر پولیس کے علاوہ ریاست اترپردیش اِن تمام کیسس میں فریق ہے۔ شائع بیان سے پتہ چلتا ہے کہ چیف منسٹر کی منظوری نہیں لی گئی۔ اُلجھن پیدا کرنے والا بے بنیاد بیان عوام میں شبات پیدا کررہا ہے کہ کوئی چیف منسٹر کسی کیس میں فریق کیسے بن سکتا ہے جبکہ ریاست یوپی اور اس کے مقامی حکام پہلے سے فریق بنے ہوئے ہیں۔
جتیندر سنگھ سے کہا گیا کہ وہ 3 دن میں وضاحت کرے ورنہ اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی جائے گی۔ جتیندر سنگھ نے مانا کہ اسے نوٹس مل گئی ہے۔ اس نے کہا کہ وہ مقررہ وقت میں جواب دے گا لیکن اس کو سخت اعتراض اس بات پر ہے کہ سرکاری عہدیداروں نے نوٹس میں گیان واپی مسجد لکھا ہے۔
ہمارا دعویٰ ہے کہ یہ اسٹرکچر مندر ہے اور معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔ میں چیف منسٹر اور دیگر متعلقہ حکام سے اجازت لے رہا ہوں تاکہ انسپکٹر چوک کے خلاف کیس کرسکوں۔ جتیندر سنگھ کی بھتیجی یا بھانجی ایک کیس میں فریق ہے۔