وشاکھاپٹنم میں ہندوستان کاڈیٹا کیپٹل بنایاجائے گا۔ 98,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی
ریلائنس انڈسٹریز،جے وی ڈیجیٹل کنکشن کے ساتھ مل کر وشاکھا پٹنم میں 1000 میگاواٹ کا ایک بڑا ڈیٹا سنٹر قائم کرے گی۔ اس اے آئی پر مبنی ڈیٹاسنٹر پر 98,000 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی اور اسے 2030 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش کا شہر وشاکھاپٹنم آئندہ تین سے چار برسوں میں ڈیٹا سنٹرس کا ایک بڑا مرکز بننے جا رہا ہے۔ دنیا کی بڑی کمپنیاں ڈیٹا سنٹر قائم کرنے کے لئے وشاکھا پٹنم کی طرف توجہ کررہی ہیں۔
ریلائنس انڈسٹریز،جے وی ڈیجیٹل کنکشن کے ساتھ مل کر وشاکھا پٹنم میں 1000 میگاواٹ کا ایک بڑا ڈیٹا سنٹر قائم کرے گی۔ اس اے آئی پر مبنی ڈیٹاسنٹر پر 98,000 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی اور اسے 2030 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ریلائنس کمپنی کے نمائندوں نے اسی ماہ کی 14 اور 15 تاریخ کو وشاکھاپٹنم میں منعقدہ پارٹنرشپ سمٹ میں وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور بات چیت کی۔ اراضی اور دیگر معاملات پر حتمی بات چیت کے بعد حکومت اور ریلائنس کے درمیان معاہدہ طے پایا۔ گجرات کے بعد یہ ریلائنس کی طرف سے ملک میں دوسری سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔
ایک اور عالمی کمپنی بروک فیلڈ نے بھی وشاکھا میں 1,10,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ڈیٹا سنٹرقائم کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ، سیفی ٹکنالوجیز نے 16,000 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈیٹا سنٹر کامپلکس کے قیام لئے سنگ بنیاد کی رسم ادا کی ہے۔
وشاکھا میں ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ 400 ایکڑ رقبہ پر یہ ڈیٹا سنٹرقائم کرے گی۔ یہ گجرات کے جام نگر میں موجود 1000 میگاواٹ کے ڈیٹا سنٹر کے ماتحت کام کرے گا۔ یہ سنٹرجدید ترین ماڈیولر ٹکنالوجی، جی پی یو، ٹی پی یو اور اے آئی پروسیسرس کا استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا کو محفوظ کرے گا، اور یہ ایشیا کے طاقتور ترین اے آئی انفراسٹرکچر نیٹ ورکس میں سے ایک ہو گا۔