دہلی

مطلوب ملزم منور خان کویت میں گرفتار، سی بی آئی کے حوالہ کردیا گیا

سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جمعرات کے روز عوامی شعبہ کے بینکوں کو دھوکہ دینے والے ایک مفرور ملزم منور خان کو کویت سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جمعرات کے روز عوامی شعبہ کے بینکوں کو دھوکہ دینے والے ایک مفرور ملزم منور خان کو کویت سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

منور خان جعل سازی اور دھوکہ دہی کے کئی کیسس میں مطلوب ملزم تھا۔ ریڈ کارنر نوٹس جاری کئے کے بعد کئی بین الاقوامی ایجنسیوں کی اس پر نظر تھی۔ سی بی آئی کے انٹرنیشنل پولیس کوآپریشن یونٹ (آئی پی سی یو) نے مرکزی وزارتِ خارجہ اور این سی بی کویت کے اشتراک سے اسے ملک واپس لانے میں کامیابی حاصل کی۔

تحقیقاتی ایجنسی نے انٹرپول چینلوں کے ذریعہ منورخان کی کویت سے واپسی میں اشتراک کیا۔ کویت پولیس کی حفاظت میں منور خان کو کویت سے حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ لایا گیا۔ جمعرات کے روز سی بی آئی، ایس ٹی بی چینائی نے ایرپورٹ پر اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

قبل ازیں سی بی آئی نے انٹرپول اور این سی بی کویت کی مدد سے اس کا پتہ چلایا تھا۔ مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور جعل سازی کے الزام میں کیس درج کرائے جانے کے بعد منور خان سی بی آئی تحقیقات کے دائرے میں آیا تھا۔

اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک سازش رچی تھی اور بینک آف بروڈا کو دھوکہ دیا تھا۔ بینک کے ساتھ دھوکہ دہی کے چند دن بعد ملزمین خلیجی ملک کو فرار ہوگئے تھے اور وہاں پناہ حاصل کی تھی۔ بعدازاں منور خاں کو اشتہاری مجرم قرار دے دیا گیا تھا۔

سی بی آئی نے فروری 2022ء میں ایس ٹی بی چینائی برانچ کی درخواست پر اس کے خلاف ریڈکارنر نوٹس جاری کرائی تھی۔ کویت کے حکام نے اسے گرفتار کیا اور ہندوستان کی تحویل میں دے دیا۔

مطلوب مجرمین کی دنیا بھر میں تلاش کیلئے تمام نفاذ قانون ایجنسیوں میں ریڈکارنر نوٹس گشت کرائی جاتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران انٹرپول چینلوں کے ذریعہ زائد از 130 مطلوب مجرمین کو ہندوستان واپس لایا گیا۔