وقف جے پی سی میٹنگ، جگدمبیکا پال کو عجلت کیوں ہے؟: اے راجہ
ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹی برائے وقف (ترمیمی) بل کے رکن اے راجہ نے چہارشنبہ کے دن کمیٹی کے سربراہ جگدمبیکا پال پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کل کے واقعہ کے تعلق سے میڈیا سے بات چیت کرکے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹی برائے وقف (ترمیمی) بل کے رکن اے راجہ نے چہارشنبہ کے دن کمیٹی کے سربراہ جگدمبیکا پال پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کل کے واقعہ کے تعلق سے میڈیا سے بات چیت کرکے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تجربہ کار بی جے پی رکن پارلیمنٹ‘ کمیٹی کی میٹنگس عجلت میں منعقد کررہے ہیں جس سے شبہ پیدا ہوتا ہے کہ انصاف نہیں ہوپائے گا۔ ایکس پر پوسٹ میں راجہ نے کہا کہ بدبختی کی بات ہے کہ صدرنشین نے کل کی میٹنگ میں کیا ہوا یہ بتانے کے لئے پریس کانفرنس کی حالانکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ میٹنگ کی کارروائی کو خفیہ رکھنا ہے‘ کسی کو بتانا نہیں ہے۔
میٹنگس نمٹا دینے کا صدرنشین کا رویہ ارکان اور عوام کے ذہنوں میں شبہات پیدا کرتا ہے۔منگل کے دن وقف جے پی سی میٹنگ اس وقت سرخیوں میں آئی تھی جب ٹی ایم سی رکن کلیان بنرجی نے شیشہ کی ایک بوتل توڑکر مبینہ طورپر کرسی ئ صدارت کی طرف پھینکی تھی۔
بی جے پی رکن ابھیجیت گنگوپادھیائے سے بحث و تکرار کے بعد انہوں نے ایسا کیا تھا۔ ان کی انگلیاں زخمی ہوگئی تھیں جن کی مرہم پٹی کی گئی تھی۔ کمیٹی نے انہیں ایک دن کے لئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جگدمبیکا پال نے بعدازاں اس سنسنی خیز واقعہ کی بریفنگ میڈیا کو دی تھی۔
انہوں نے جانبداری برتنے کے کلیان بنرجی کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔ وقف جے پی سی میٹنگس میں بی جے پی اور اپوزیشن ارکان میں تلخ بحث و تکرار ہوتی رہی ہے۔