تعلیم و روزگار

اسکول میں طلبہ اور عملہ کا تحفظ اہمیت کا حامل : وزیر تعلیم

ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اسکولس میں طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اسکولس میں طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے۔

آج ڈاکٹر مری چناریڈی انسٹیٹیوٹ آف ہیومن ریسورس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکولس میں تحفظ کا مطلب صرف جسمانی تحفظ نہیں ہے بلکہ اس کا دائرہ کافی وسیع ہے۔طلباء کو محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کرنے اور پروقار زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کیا جاناچاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ طلباء کا زیادہ تر وقت اسکولس میں گذرتا ہے، اس لئے اسکول، اطراف واکناف، محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اسکولس میں محفوظ ماحول طلباء کو سیکھنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

اگر طلباء میں احساس عدم تحفظ رہے گاتو قوی امکان ہے کہ تعلیم پر سے ان کی توجہ ہٹ جائے گی وزیر تعلیم نے کہا کہ موجودہ طور پر اسکولس میں احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم ابھی بھی تحفظ کیلئے مزید سخت اقدامات کرنا ضروری ہے۔

سبیتا اندرا ریڈی نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعلیم پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے، طلباء کے مستقبل کو تابناک بنانا حکومت کا مقصد ہے۔

انہوں نے اولیائے طلباء کو مشورہ دیا کہ ایسا ماحول فروغ دیں جہاں طلباء خوشی خوشی اسکول جائیں، پر اعتماد انداز میں تعلیم حاصل کریں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولی طلباء کے والدین کے ذہنی تناؤ کو محسوس کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ بہترین حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔