بھارت

ہم 2024 میں نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے: لالو

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خبردار کیا کہ لوگ ان کی حکومت کی تقسیم اور نفرت انگیز سیاست سے تنگ آچکے ہیں، اس لئے انہیں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اقتدار سے باہر کر دیا جائے گا۔

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو خبردار کیا کہ لوگ ان کی حکومت کی تقسیم اور نفرت انگیز سیاست سے تنگ آچکے ہیں، اس لئے انہیں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اقتدار سے باہر کر دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
جھارکھنڈ میں انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی: لالوپرساد یادو
ایگزٹ پول رپورٹس کی فکر نہیں۔ بہتر نتائج کی امید : کے سی آر
ہندوستان ایک ملک ایک سول کوڈ کی طرف بڑھ رہا ہے: نریندر مودی (ویڈیو)
بہار کوٹہ مسئلہ، آر جے ڈی کی درخواست پر مرکز کو نوٹس
آر جے ڈی کے ساتھ اتحاد ایک غلطی تھی:نتیش کمار

یہاں آر جے ڈی کے یوم تاسیس پر آج منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت ان کی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی مخالفت کرنے والوں کو مسلسل ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ریلوے میں ‘ملازمت کے لیے زمین’ گھپلہ میں اپنے چھوٹے بیٹے اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایک کے بعد ایک کئی معاملات درج کئے جا رہے ہیں لیکن وہ اور ان کے کنبہ کے لوگ نہیں جھکیں گے اور نریندر مودی حکومت کی مخالفت جاری رکھیں گے۔

آر جے ڈی کے سربراہ نے کہا کہ کس طرح بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اراکین اسمبلی کو ہائی جیک کیا، یہ سب جانتے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی بہار میں وہی چیز دہرانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن بھگوا پارٹی کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ عظیم اتحاد میں سبھی چٹان کی طرح متحد ہیں۔

لالو یادو نے کہا کہ جمہوریت اور آئین خطرے میں ہیں کیونکہ نریندر مودی حکومت دونوں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کمزور کرنے کے لیے ذات پات اور مسلک کی بنیاد پر نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ متحد ہو کر اگلے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کیا جائے۔