وَن نیشن وَن الیکشن بل جے پی سی کے حوالے کریں گے: امیت شاہ
اپوزیشن کے اعتراضات کے جواب میں امیت شاہ نے واضح کیا کہ بل کو پارلیمنٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس پر تمام جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔
نئی دہلی: لوک سبھا میں پیش کیے گئے "وَن نیشن وَن الیکشن بل” (ایک ملک ایک انتخاب) پر گرما گرم بحث ہوئی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اس بل کو پارلیمنٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اس پر تفصیلی غور و خوض کیا جا سکے۔
اپوزیشن کے اعتراضات کے جواب میں امیت شاہ نے واضح کیا کہ بل کو پارلیمنٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس پر تمام جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا، "ایک ملک ایک الیکشن سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت کریں گے بلکہ عوام کے لیے بھی آسانی پیدا کریں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے تمام نکات کو جے پی سی میں زیر بحث لایا جائے گا۔”
وَن نیشن وَن الیکشن بل کا مقصد ملک میں تمام ریاستی اور قومی سطح کے انتخابات کو ایک ہی وقت میں منعقد کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عوام کے لیے بہتر حکمرانی بھی ممکن ہو سکے گی۔
مرکزی حکومت کے مطابق، جے پی سی اپنی سفارشات پیش کرنے کے بعد بل کو منظوری کے لیے واپس پارلیمنٹ میں بھیجے گی۔ حکومت نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ وہ اس عمل میں شریک ہو کر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کریں تاکہ اس بل کو مزید جامع بنایا جا سکے۔