عورت مسجد جاسکتی ہے اور نماز بھی پڑھ سکتی ہے: نسیم الدین صدیقی
اترپردیش کانگریس کے ریجنل کوآرڈینیٹر نسیم الدین صدیقی نے مولانا رشید کے ڈمپل یادو کے مسجد میں موجودگی پر کئے گئے تبصرے پر اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتون مسجد جاسکتی ہے اور نماز پڑھ سکتی ہے
بہرائچ : اترپردیش کانگریس کے ریجنل کوآرڈینیٹر نسیم الدین صدیقی نے مولانا رشید کے ڈمپل یادو کے مسجد میں موجودگی پر کئے گئے تبصرے پر اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتون مسجد جاسکتی ہے اور نماز پڑھ سکتی ہے پھر چاہے وہ کسی بھی مذہب کی ہو۔صدیقی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ میں سبھی کا احترام کرتا ہوں۔
چاہے وہ ڈمپل ہو‘ بہن جی ہو‘ پرینکا گاندھی ہو‘ میں سبھی کا احترام کرتا ہوں۔ اگر مولانا کو کسی نے طمانچہ مارا ہے تو یہ غلط ہے۔ اب میں ٹی وی پر ان کی ڈبیٹ نہیں دیکھتا۔
وہ پیسے لے کر ٹی وی پر بولتے ہیں۔ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ ملک کو خطرہ ہے اور ملک نہ ٹوٹے اس لئے راہول گاندھی سبھی کے دروازہ پر گئے۔
انہوں نے نفرت چھوڑو بھارت جوڑو کا نعرہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندو۔مسلم کا ساتھ چھوٹ جائے گا تو ملک ٹوٹ جائے گا۔