بی سی سی آئی چیمپئنز ٹرافی کے سلسلہ میں تحریری وضاحت دے: پی سی بی
موجودہ وقت میں پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے اور چاہتا ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کروایا جائے۔ پی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل پر غور کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے تحریری وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ بی سی سی آئی سے تحریری جواب طلب کرے کہ وہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیلنا چاہتا اور اس کے ساتھ ہی بی سی سی آئی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنے کی وجہ بھی بتائے۔ آئی سی سی نےجمعہ کو پی سی بی کو بتایا تھا کہ حکومت ہند نے بی سی سی آئی کو پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
آئی سی سی نے یہ معلومات ٹورنامنٹ کے آغاز سے 100 دن قبل لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے الٹی گنتی سے متعلق لانچ ایونٹ سے تین دن قبل دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے حوالے سے کنفیوژن کے پیش نظر اس پروگرام کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
موجودہ وقت میں پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے اور چاہتا ہے کہ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کروایا جائے۔ پی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل پر غور کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اسی ماڈل پر ایشیا کپ 2023 کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اس موقف کے ساتھ ساتھ یہ احساس بھی بتدریج بڑھتا جا رہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے معاملے میں اب حکومت پاکستان خود بھی شامل ہوگئی ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اب پی سی بی کے ہاتھ میں نہیں رہا۔ پی سی بی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔