شی جن پنگ نے بل گیٹس کی تعریف کی
گیٹس فاؤنڈیشن نے جمعہ کو کہا کہ اس نے چینی حکومت اور شنہوا یونیورسٹی کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں تعاون شروع کر دیا ہے۔

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے جمعہ کو مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس سے ملاقات کی اور عالمی سطح پر غربت کے خاتمے اور صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے میں ان کی کوششوں کی تعریف کی۔
بل گیٹس نے چہارشنبہ کو ٹویٹ کیا کہ وہ (مسٹر گیٹس) 2019 کے بعد پہلی بار گیٹس فاؤنڈیشن کے شراکت داروں سے ملنے اور ان کے ساتھ عالمی صحت اور ترقی کو درپیش چیلنجوں پر بات چیت کے لیے چین آئے ہیں۔ ارب پتی گیٹس نے کئی سالوں کے بعد مسٹر جن پنگ سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ 2020 میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے چین کو کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے 5 ملین ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے جمعہ کو کہا کہ اس نے چینی حکومت اور شنہوا یونیورسٹی کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں تعاون شروع کر دیا ہے۔ فاؤنڈیشن اگلے پانچ سالوں میں گلوبل ہیلتھ ڈرگ ڈسکوری انسٹی ٹیوٹ کو 50 ملین ڈالر فراہم کرے گی۔