چاند مشن، خاتون کے بشمول چار خلاء بازوں کی ٹیم منتخب
امریکی خلانورد کرسٹینا کُک آرٹیمس ٹو مشن کے چار رکنی خلانوردوں کی ٹیم میں شامل ہیں۔ کرسٹینا کُک کو سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کرنے والی خاتون کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

واشنگٹن: ناسا کا نصف صدی بعد ایک بار پھر انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا مشن آگے بڑھ رہا ہے۔ ناسا نے چاند پر جانے کے لئے جاری تیاریوں میں پہلی بار ایک خاتون خلانورد کو منتخب کرلیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی خلانورد کرسٹینا کُک آرٹیمس ٹو مشن کے چار رکنی خلانوردوں کی ٹیم میں شامل ہیں۔ کرسٹینا کُک کو سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کرنے والی خاتون کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
آرٹیمس ٹو مشن کی ٹیم میں پہلی بار ایک افریقی امریکن اور کینیڈین خلانورد کا بھی انتخاب کیا گیا ہے۔ ناسا کا خلائی مشن چاروں خلانوردوں کو لے کر اگلے سال کے اوائل میں چاند کی طرف اڑان بھرے گا۔
بی بی سی کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے 50 سال کے عرصے میں پہلی بار چاند کے مشن کا حصہ بننے والے چار خلابازوں کے نام جاری کئے ہیں۔
کرسٹینا کُک چاند کے سفر پر جانے والی پہلی خاتون خلاباز ہوں گی جبکہ وکٹر گلوور ایسا کرنے والے پہلے سیاہ فام خلاباز ہوں گے۔
ان کے ہمراہ رِیڈ وائزمین اور جیرمی ہینسن ہوں گے اور منصوبے کے تحت 2025 کے اوائل میں یہ چار خلاباز چاند کے گرد کیپسول (خلائی گاڑی) اڑائیں گے۔
اگرچہ چاند پر اترنا اس مشن میں شامل نہیں مگر اس مشن کا مقصد آئندہ دوروں میں چاند پر اترنے والے خلابازوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔