شمالی بھارت

فساد بی جے پی نے کرایا، فسادیوں کو چھوڑوں گی نہیں: ممتا بنرجی

چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہا کہ ہگلی اور ہوڑہ تشدد کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ بی جے پی بنگال میں تشدد برپا کرنے کے لئے دیگر ریاستوں سے کرائے کے غنڈے لے آئی جو ہمارا کلچر نہیں ہے۔

ڈیگھا (مغربی بنگال): چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے منگل کے دن زور دے کر کہا کہ وہ فسادیوں کو چھوڑیں گی نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت تشکیل دے گی: شیوراج سنگھ چوہان
گورنر مغربی بنگال سیاسی بیانات سے گریز کریں: اسپیکر
بی جے پی جموں میں ہندو ووٹروں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے:فاروق عبداللہ
وزیراعظم نے میرے مکتوب کا کوئی جواب نہیں دیا: ممتا بنرجی
نئے فوجداری قوانین کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل۔ حکومت مغربی بنگال کا اقدام

ضلع پوربا میدنی پور میں ریالی سے خطاب میں ممتا بنرنی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی رام نومی جلوس کے دوران تشدد برپا کرتے ہوئے بھگوان رام کا نام بدنام کررہی ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں رام نومی جلوس کے دوران اضلاع ہگلی اور ہوڑہ میں جھڑپیں ہوئیں۔

چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہا کہ ہگلی اور ہوڑہ تشدد کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ بی جے پی بنگال میں تشدد برپا کرنے کے لئے دیگر ریاستوں سے کرائے کے غنڈے لے آئی جو ہمارا کلچر نہیں ہے۔

وہ ایک فرقہ کو دوسرے فرقہ کے مدمقابل لاکر ہندو مذہب کو بدنام کررہی ہے۔ فسادیوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا‘ وہ صرف سیاسی غنڈے ہوتے ہیں۔ میں سبھی سے اپیل کرتی ہوں کہ امن برقرار رکھیں۔

نام لئے بغیر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اگر وہ بہار میں برسراقتدار آئی تو فسادیوں کو اُلٹا لٹکادے گی۔ بنگال میں گڑبڑ کرنے والے اپنے غنڈوں کے خلاف وہ ایسا کیوں نہیں کررہی ہے؟۔ خیرات گھر سے شروع ہوتی ہے۔

سی پی آئی ایم پر طنز کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ بام (بایاں بازو) اور رام (بی جے پی) نے ٹی ایم سی کے خلاف ہاتھ ملالئے ہیں۔