ضیاء الرحمن برق پر 1.91 کروڑ کا جرمانہ ، برقی سربراہی بھی کاٹ دی گئی
سنبھل کے سپرنٹنڈنٹگ انجینئر ونود کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ رکن پارلیمنٹ پر محکمہ برقی نے 1.91 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا اور ان کے بنگلہ کی پاور سپلائی کاٹ دی۔ محکمہ برقی نے جو ایف آئی آر درج کرائی اس کے بموجب جانچ ٹیم کو برقی چوری کا ثبوت ملا۔
سنبھل (یوپی):محکمہ برقی نے رکن لوک سبھا حلقہ سنبھل ضیاء الرحمن برق پر 1 کروڑ 91لاکھ روپیوں کا جرمانہ عائد کیا اور مبینہ برقی چوری پر ان کے بنگلہ کی برقی سپلائی کاٹ دی۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔
جمعرات کے دن سماج وادی پارٹی رکن پارلیمنٹ کے خلاف الیکٹریسٹی ایکٹ 2003 کی دفعہ 135 کے تحت برقی چوری کا کیس درج ہوا تھا۔ ان کے والد مملوک الرحمن برق کے خلاف بھی معاملہ درج ہوا۔ ان پر دیپاسرائے علاقہ میں واقع ان کے بنگلہ کے معائنہ کے دوران سرکاری عہدیداروں کو دھمکانے کا الزام ہے۔
سنبھل کے سپرنٹنڈنٹگ انجینئر ونود کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ رکن پارلیمنٹ پر محکمہ برقی نے 1.91 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا اور ان کے بنگلہ کی پاور سپلائی کاٹ دی۔ محکمہ برقی نے جو ایف آئی آر درج کرائی اس کے بموجب جانچ ٹیم کو برقی چوری کا ثبوت ملا۔ جمعرات کی صبح کڑے پہرہ میں رکن پارلیمنٹ کے بنگلہ کی جانچ کی گئی تھی۔
ضیاء الرحمن برق کے خلاف مغل دور کی شاہی جامع مسجد کے دوبارہ سروے کے دوران برپا تشدد کے سلسلہ میں بھی کیس درج ہوا تھا۔ آج جانچ کے دوران انجینئرس اجئے شرما اور وی کے گنگل نے دعویٰ کیا کہ انہیں رکن پارلیمنٹ کے باپ نے دھمکایا کہ حکومت بدلے گی اور ہم تمہیں برباد کردیں گے۔ اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔
اسی دوران رکن پارلیمنٹ سنبھل کے بنگلہ کی سیڑھیاں ایک بلڈوزر استعمال کرتے ہوئے توڑدی گئیں۔ یہ اقدام دیپ سرائے علاقہ میں جاری اینٹی انکروچمنٹ مہم کے تحت کیا گیا۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ عہدیداروں نے کہا کہ کڑے پہرہ میں بلڈوزر چلایا گیا۔ ضلع میں سرکاری نالوں پر سے انکروچمنٹ ہٹانے کی 15 روزہ مہم جاری ہے۔