زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے دی
سوپر 12 کے سنسنی خیز میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے جبکہ پاکستان جواب میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 129 رنز ہی بنا سکا۔
پرتھ: زمبابوے نے سکندر رضا (25/3) کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کو ایک رن سے شکست دے دی۔
سوپر 12 کے سنسنی خیز میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے جبکہ پاکستان جواب میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 129 رنز ہی بنا سکا۔
پاکستان نے محمد وسیم جونیئر (24/4) اور شاداب خان (23/3) کی شاندار بالنگ کی بدولت زمبابوے کو چھوٹے اسکور تک محدود کر دیا، لیکن بلے بازوں کی کارکردگی نے انہیں مایوس کیا۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 38 گیندوں پر 44 رنز بنائے جب کہ انہیں کسی کا ساتھ نہیں ملا۔
بابر اعظم کی ٹیم کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے اور محمد نواز وکٹ پر موجود تھے۔ نواز نے پہلی گیند پر تین رنز لیے لیکن جب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز درکار تھے تو نواز آؤٹ ہو گئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے آخری گیند پر دو رنز بنا کر میچ ٹائی کرنے کی کوشش کی لیکن ریگیس چکابوا نے انہیں رن آؤٹ کیا اور زمبابوے نے صرف ایک رن سے میچ جیت لیا۔
گروپ-2 کے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاور پلے میں دو وکٹوں کے نقصان پر 47 رنز جوڑے۔ زمبابوے اچھے آغاز کی بدولت بڑے اسکور کی طرف گامزن تھا لیکن شاداب نے درمیانی اوورز میں وکٹ لے کر رن ریٹ کو لگام دی۔ انہوں نے ملٹن شومبا اور ریگیس چکابوا کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سین ولیمز (31) کو بھی آؤٹ کیا۔
وسیم نے سکندر رضا کو نو رنز پر آؤٹ کر کے زمبابوے کی ایک بڑے اسکور کھڑا کرنے کی آخری امید کو ختم کر دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اوپنرز ویسلے مادھویرے (17)، بریڈ ایونز (19) اور لیوک جونگوے کے وکٹ بھی لئے۔
ایک معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 36 رنز پر تین وکٹ گنوا دیئے۔ بابر اعظم (04) اور محمد رضوان (14) ایک بار پھر ناکام رہے جبکہ گزشتہ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے افتخار احمد بھی پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شان اور شاداب نے 52 رنز کی شراکت داری قائم کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا لیکن سکندر نے 14ویں اوور میں شاداب اور حیدر علی کو آؤٹ کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ شان بھی اگلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ نواز نے ساتویں وکٹ کے لیے وسیم کے ساتھ 34 رنز کی شراکت داری کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔
دو میچوں میں دوسری شکست کے ساتھ ہی پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے تقریباً باہر ہو گیا ہے۔ زمبابوے پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد یہ ممیچ جیت کر تین پوائنٹس کے ساتھ گروپ 2 میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ جنوبی افریقہ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔