برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل برخاست کیا جائے گا: ریونت ریڈی
تلنگانہ کانگریس کسان سل کی جانب سے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت کی ناکامیوں کے خلاف آج اندرا پارک دھرنا چوک پر رعیتو رچا بنڈہ دھرنا منظم کیا گیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کسان سل کی جانب سے کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت کی ناکامیوں کے خلاف آج اندرا پارک دھرنا چوک پر رعیتو رچا بنڈہ دھرنا منظم کیا گیا۔
چیرمین کسان سل انویش ریڈی کی قیادت میں صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی، سابق مرکز وزیر بلرام نائک، انجن کمار یادو سابق ایم پی، ملوروی سابق ایم پی، سنیتا راؤ صدر مہیلا وبھاگ، سابق صدر پی سی سی وی ہنمنت راؤ کے بشمول سینئر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے ٹی آر ایس قائدین اور رئیل اسٹیٹ تاجرین کو فائدہ پہنچانے دھرانی پورٹل تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کے دور حکومت میں بے زمین کسانوں کو فاصل اراضیات تقسیم کی گئی تھیں۔
دھرانی پورٹل میں ان اراضیات کے ریکارڈ کو حذف کردیا گیا جس کے نتیجہ میں ہزاروں کسان اپنی اراضیات کے مالکانہ حقوق سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن کمشنریٹ کے روبرو دھرنا دینے کی دھمکی دی ہے۔ مہیش کمار گوڑ کار گذار صدر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کیلئے حصول اراضی قانون کے تحت کسانوں سے ہزاروں ایکر اراضی کم قیمت پر حاصل کی گئی۔
پراجکٹ کی تعمیر کے بعد میں ان کسانوں کی اراضیات کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا اس طرح حکومت نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ ملوروی سابق ایم پی نے کہا کہ دھرانی پورٹل پر عمل آوری کے بعد ریکارڈ میں حقیقی مالکین کی بجائے غیر متعلقہ افراد کے نام اس میں درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں سے زمین چھین کر دولتمندافراد کو فروخت کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاج کیلئے پولیس اجازت نہیں دے رہی ہے جب کہ ٹی آر ایس کو ہرقسم کی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی خاندانی حکمرانی سے بیزار ہوکر ٹی آر ایس کے کئی قائدین کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ کسان جب ضلع کلکٹر اور ایس پی سے رجوع ہوتے ہیں تو انہیں انصاف نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کانگریس برسراقتدار آنے پر ہی کسانوں کو انصاف حاصل ہوگا۔
صدرٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر کسانوں کی اراضیات چھین کر رئیل اسٹیٹ کاروبار کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد کسان ڈیکلریشن کو مکمل طور پر روبہ عمل لایا جائے گا اور دھرانی پورٹل جس میں غریب کسانوں کی اراضیات کے مالکانہ حقوق کے ریکارڈ کو حذف کردیا گیا ہے کانگریس اقتدار میں آنے پر دھرانی پورٹل کو برخواست کردیا جائے گا۔