مارگریٹ الوا کا فون ٹیاپ کرنے کی تردید
مارگریٹ الوا نے ٹویٹ کیا تھا کہ بی جے پی کے بعض دوستوں کو فون کے بعد میرے موبائل کی تمام کال ڈائیورٹ ہورہی ہیں۔ میں نہ تو کسی کو فون کرپارہی ہوں اور نہ کال ریسیو ہورہی ہے۔
نئی دہلی: مرکز نے منگل کے دن اپوزیشن کی نائب صدارتی امیدوار مارگریٹ الوا کے ٹیلی فون ٹیاپنگ کے الزام کی تردید کی۔ آج صبح ٹویٹر پر مارگریٹ الوا نے لکھاکہ نئے انڈیا میں سبھی سیاسی جماعتوں کے قائدین میں یہ خوف پھیلا ہوا ہے کہ بگ برادر انہیں دیکھ رہا ہے اور ان کی باتیں سن رہا ہے۔
ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی قائدین کئی موبائل رکھ رہے ہیں‘ آئے دن نمبر بدل رہے ہیں اور جب ملتے ہیں تو سرگوشیوں میں باتیں کرتے ہیں۔ خوف جمہوریت کو فنا کردیتا ہے۔
انہوں نے پیر کے دن ٹویٹ کیا تھا کہ بی جے پی کے بعض دوستوں کو فون کے بعد میرے موبائل کی تمام کال ڈائیورٹ ہورہی ہیں۔ میں نہ تو کسی کو فون کرپارہی ہوں اور نہ کال ریسیو ہورہی ہے۔ اگر آپ میرا فون بحال کردیں تو میرا وعدہ ہے کہ میں آج رات بی جے پی‘ ٹی ایم سی یا بی جے ڈی کے کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو کال نہیں کروں گی۔
وزیر پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے کہا کہ ان کا فون ٹیاپ کیوں ہوگا؟ ہم نائب صدراتی الیکشن کے نتیجہ کے تعلق سے پرامید ہیں۔ وہ کسی کو بھی فون کرسکتی ہیں۔ وہ کافی سینئر ہیں۔ انہیں ایسا الزام نہیں عائد کرنا چاہئے۔