حیدرآباد

مذہبی جنون کے شعلے بھڑکانے والی طاقتوں کو شکست دینے کی ضرورت: مئیر وجئے لکشمی

میئیر نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے منائے جانے والے تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کی تقریب کے موقع پر حیدرآبا دمیں گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ ایک تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔

حیدرآباد: میئرحیدرآباد وجئے لکشمی نے کہا ہے کہ قومی اتحاد کا مطلب عوام اورمختلف تہذیبوں کے درمیان اتحاد کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے منائے جانے والے تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کی تقریب کے موقع پر حیدرآبا دمیں گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ ایک تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔

اس پروگرام میں ڈپٹی میئر سری لتا شوبھن ریڈی اور کمشنر ڈی ایس لوکیش کمار نے شرکت کی۔اس موقع پر میئر نے کہا17 ستمبر 1948 تاریخ میں ایک خاص تاریخ ہے۔ 74 سال پہلے اسی دن ہمارا تلنگانہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنا اورریاست کی بادشاہت سے جمہوریت کی طرف منتقلی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستان کا یوم آزادی حیدرآباد میں ملک کی کسی بھی دوسری ریاست کے مقابلے زیادہ شاندار طریقے سے منایا گیا۔ ہم نے تمام لوگوں کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے 15 دن ان تقاریب کا اہتمام کیا۔

 ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردارپٹیل نے ہندوستان میں دیسی ریاستوں کو ہندوستان میں ضم کیا۔ آج حیدرآباد ریاست کے ہندوستان کے ساتھ اتحاد کو 74 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ہم 75ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی قیادت میں اس دن کو یوم قومی اتحاد کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج ریاست تمام شعبوں میں بہترین ترقی حاصل کررہی ہے اور تھوڑے ہی عرصہ میں ملک میں ایک سرکردہ ریاست کے طور پر تلنگانہ ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض طاقتیں تلنگانہ میں تمام افرادکی متحدہ جدوجہد کی تاریخ کو مسخ کرنے اور ان دنوں کے قربانی دینے والوں کی امنگوں کے خلاف مذہبی جنون کے شعلے بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس مرحلے پر ہم سب کو ہوشیار رہنے،سازشوں کو شکست دینے اور نفرت کو حکمت سے شکست دینے کی ضرورت ہے۔