ایشیاء

پاکستانی درانداز رضوان اشرف‘ تحریک لبیک کا رکن

رضوان اشرف گزشتہ برس قلعہ لاہور میں مہاراج رنجیت سنگھ کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے پر جیل جاچکا ہے۔ وہ تحریک ِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے جڑا ہے۔

جئے پور۔: بی جے پی کی معطل ترجمان نپور شرما کو ہلاک کرنے کے ارادہ سے ہندوستان میں دراندازی کرنے والے پاکستانی رضوان اشرف کے تعلق سے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک کے ایک کٹر مذہبی گروپ سے تعلق رکھتا ہے۔

24 سالہ رضوان کو بی ایس ایف نے 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب راجستھان کے سری گنگانگر میں ہند۔ پاک سرحد کے قریب پکڑا تھا اور پوچھ تاچھ کے لئے مقامی پولیس کے حوالہ کردیا تھا۔

رضوان اشرف گزشتہ برس قلعہ لاہور میں مہاراج رنجیت سنگھ کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے پر جیل جاچکا ہے۔ وہ تحریک ِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے جڑا ہے۔

سری گنگانگر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس آنند شرما نے بتایا کہ دوران ِ پوچھ تاچھ رضوان نے اپنے ہندوستان آنے کا مقصد نپور شرما کو ہلاک کرنا بتایا۔

وہ تحریک لبیک پاکستان کا سرگرم کارکن ہے۔ تحریک لبیک نے ایک ماہ قبل نپور شرما کے خلاف ملزم کے موضع میں احتجاجی مارچ کیا تھا۔ رضوان نے اس جلسہ میں شرکت کی تھی۔

بی ایس ایف نے اسے ہندو ملکوٹ میں پکڑا تھا۔ اس وقت اس کے قبضہ سے 2 چاقو‘ کچھ مذہبی کتابیں‘ غذائی اشیاء اور کپڑے برآمد ہوئے تھے۔