کشن ریڈی کی مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات
مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے دریائے گوداوری میں طغیانی سے تلگو کی دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہوئے جانی و مالی نقصانات سے واقف کرایا۔
حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے دریائے گوداوری میں طغیانی سے تلگو کی دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہوئے جانی و مالی نقصانات سے واقف کرایا۔
کشن ریڈی نے کہاکہ گوداوری میں طغیانی سے ہزاروں عوام روزگار سے محروم ہوگئے۔ ہزاروں ایکر اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ امیت شاہ نے کشن ریڈی کو تیقن دیا کہ نقصانات کا تخمینہ لگاکر ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے محکمہ داخلہ کے عہدیداروں کو بارش سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی بازآبادکاری کے لئے درکار تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ امیت شاہ نے کہاکہ تلنگانہ میں راحت کاری اقدامات کی انجام دہی کے لئے پہلے ہی نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس کے 13 وفود کو روانہ کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ کے لئے اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈس سے رقومات منظور کی گئی ہیں تاہم ان رقومات سے استفادہ کے لئے ریاستی حکومت نے ابھی تک درکار دستاویزات فراہم نہیں کئے ہیں۔ جیسے ہی دستاویزات موصول ہوں گی مرکزی حکومت ہر طرح سے مدد فراہم کرے گی۔
امیت شاہ نے کہاکہ آندھرا پردیش کے لئے پہلے ہی ایس ڈی آر ایف فنڈس کے تحت پہلی قسط جاری کردی گئی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت کی اپیل کے بعد دوسرے ہی دن فنڈس جاری کردئے گئے اور دوسری قسط بھی جاری کرنے تیار ہے۔
مرکزی وزیحر داخلہ نے کہاکہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کی جانب سے ابتدائی طبی رپورٹس کی وصولی کے بعد مرکزی اپنے وفود کو روانہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لے گا۔