کووڈ کو مزید پھیلنے سے روکنے تلنگانہ حکومت اقدامات کرے:مرکز
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران 12اضلاع میں کووڈ کی جانچ میں کمی ہوئی ہے اور 4اضلاع میں یومیہ کوویڈ کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے،مرکز نے ریاست سے خواہش کی ہے کہ وہ آئندہ ماہ کی 30تاریخ تک جانچ اور ٹیکہ اندازی میں اضافہ کرے۔
حیدرآباد: مرکز نے آج تلنگانہ ریاست سے خواہش کی ہے کہ وہ ریاست میں کوویڈ کی وبا کے مزیدپھیلاو کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے اس خصوص میں ایک مکتوب تلنگانہ کے محکمہ صحت کے سکریٹری سید علی مرتضی رضوی کو روانہ کیا ہے۔
سکریٹری نے ریاست سے خواہش کی ہے کہ وہ پانچ گنی حکمت عملی پر عمل کرے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکاجاسکے۔اس حکمت عملی میں ٹسٹ ٹریک، ٹریٹ اورٹیکہ اندازی کے ساتھ ساتھ کوویڈ کے اصولوں پر عمل کرنا بھی شامل ہے۔
یہ کہتے ہوئے کہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران 12اضلاع میں کوویڈ کی جانچ میں کمی ہوئی ہے اور 4اضلاع میں یومیہ کوویڈ کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے،مرکز نے ریاست سے خواہش کی ہے کہ وہ آئندہ ماہ کی 30تاریخ تک جانچ اور ٹیکہ اندازی میں اضافہ کرے۔
یہ اضافہ امرت مہوتسو کے تحت کیاجائے۔مرکز نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد، رنگاریڈی، ہنمکنڈہ اورمیڑچل۔ملکاجگری میں کوویڈ کے معاملات میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
ریاست سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ مُلگ، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، بھوپال پلی،نارائن پیٹ، سوریہ پیٹ،جگتیال، ونپرتی، جوگولامباگدوال، ملکاجگری، حیدرآباد اور رنگاریڈی اضلاع میں کوویڈ جانچ میں اضافہ کرے۔