کھیل

کوہلی کے انٹرنیشنل کرکٹ میں 14 برس مکمل

ویراٹ کوہلی کو ایک بار آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی دہائی اور دو بار آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیاہے۔ اس کے علاوہ انہیں ارجن ایوارڈ، پدم شری اور کھیل رتن ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکاہے۔

نئی دہلی: ویراٹ کوہلی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 14 سال مکمل کرلیے۔ ان 14 برسوں میں ٹیم انڈیا کے اس سابق کپتان نے ہندوستانی کرکٹ کو ایک الگ جہت دی، ساتھ ہی ان برسوں میں اپنی بلے بازی سے ہندوستانی کرکٹ کو ایک الگ پہچان دی۔

کوہلی نے 19 سال کی عمر میں 18 اگست 2008 کو سری لنکا کے خلاف ہندوستان کیلئے اپنے بین الاقوامی کیریر کا آغاز کیاتھا۔

اب انٹرنیشنل کرکٹ میں 14 سال مکمل کرنے کے بعد ویراٹ کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں ویراٹ کوہلی نے اپنے کرکٹ کیریر کے اہم ترین لمحات دکھائے ہیں جن میں 2011 کے ونڈے ورلڈکپ کے ساتھ ساتھ 2013 کی چمپئنس ٹرافی کی جیت بھی شامل ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ میں ویراٹ کوہلی کی کامیابیوں کی بات کریں تو دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں 70 سنچریاں اور مجموعی طورپر 23,726 رنز بنائے ہیں۔ انہیں 57 بار پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا اور 19 بار سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

ویراٹ کوہلی کو ایک بار آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی دہائی اور دو بار آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیاہے۔ اس کے علاوہ انہیں ارجن ایوارڈ، پدم شری اور کھیل رتن ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکاہے۔

ویراٹ کوہلی کے بین الاقوامی کرکٹ کیریر کے بارے میں بات کریں تو گزشتہ 14 برسوں میں انہوں نے ہندوستان کیلئے 262 ونڈے میچوں میں 57.68 کی اوسط سے 12,344 رنز بنائے ہیں جس میں 43 سنچریاں شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انہوں نے 99 میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور 50.12 کی اوسط سے 3308 رنز بنائے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ کی بات کریں تو انہوں نے 102 ٹسٹ میچوں میں 28 سنچریوں کی مدد سے 8074 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 49.53 ہے۔