شمالی بھارت

گجرات کے اسکولوں میں بھگوت گیتا کی تعلیم کے لزوم کی مخالفت

جمعیۃ العلماء ہند گجرات بمقابلہ مرکزی حکومت ہند پی آئی ایل پر چیف جسٹس ارویندکمار اورجسٹس آشوتوش جئے شاستری پر مشتمل بنچ نے حکومت کاجواب مانگاہے لیکن قراردادپرعمل آوری کوروکنے درخواست گزارکی التجاکوقبول کرنے سے انکارکردیا۔

احمدآباد: گجرات میں آنے والے تعلیمی سال سے چھٹویں تابارہویں جماعت کے طلبہ کیلئے بھگوت گیتاکی تعلیم کے لزوم کیلئے ریاستی محکمہ تعلیم کی ایک قرارداد کوچالینج کرتے ہوئے داخل کردہ مفادعامہ کی درخواست(پی آئی ایل) پرگجرات ہائیکورٹ نے آج ریاستی اورمرکزی حکومتوں کونوٹس جاری کردی ہے۔

جمعیۃ العلماء ہند گجرات بمقابلہ مرکزی حکومت ہند پی آئی ایل پر چیف جسٹس ارویندکمار اورجسٹس آشوتوش جئے شاستری پر مشتمل بنچ نے حکومت کاجواب مانگاہے لیکن قراردادپرعمل آوری کوروکنے درخواست گزارکی التجاکوقبول کرنے سے انکارکردیا۔

درخواست میں کہاگیاکہ یہ قرارداد دستورکی دفعہ14،28اوردیگربنیادی حقوق کے مغائر ہے۔ اس کے علاوہ سیکیولرازم کے اصول کے خلاف بھی ہے جودستورکی بنیادی خصوصیت ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ مذکورہ قراردادسے دستورکی دفعہ28کی خلاف ورزی ہوتی ہے جس کے تحت کہاگیاہے کہ ایسے کسی بھی تعلیمی ادارہ میں جوسرکاری فنڈس سے چلایاجاتا ہے کوئی مذہبی تعلیم نہیں دی جانی چاہئے۔ ا

اس ضمن میں کہاگیاکہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ گیتا ہندوؤں کی مذہبی کتاب ہے اوراس میں بیان کئے گئے تمام اقدار ہندومت کے عقائد سے مربوط ہیں۔ درخواست گزاروں نے اس امرپر تشویش ظاہرکی کہ طلبہ کوصرف ایک مذہب کی تعلیم دینے سے نوجوان ذہنوں پرایک مذہب کی دوسروں پر برتری نقش ہوجائے گی۔

جس کے نتیجہ میں پسند اور ضمیرکے مطابق کام کرنے کی آزادی متاثر ہوگی جس کی ضمانت دستور کی دفعہ21اور25میں دی گئی ہے۔انہوں نے یہ استدلال پیش کیاکہ اقدار پر مبنی تعلیمی نظام کے نفاذ کے بہانے صرف ایک کتاب کواقدارپر مبنی کتاب کے طورپر منتخب کیاگیاہے اوراس کی تدریس کا لزوم عائد کیاگیاہے۔

مزیدکہاگیاکہ یہ قرارداد مبینہ طورپر قومی تعلیمی پالیسی(این ای پی) سے متاثر ہے لیکن غلط نتیجہ اخذ کیاگیاہے کیونکہ این ای پی میں گیتایاکسی اورمقدس کتاب کی تدریس کالزوم عائد نہیں کیاگیا۔

درخواست گزاروں نے کہاکہ عقیدہ پر مبنی اقداری تعلیم ایک مخصوص مزاج، انسانیت اورتجسس کے جذبہ کوفروغ دینے دستوری نصب العین کے خلاف ہے جس کی گنجائش دفعہ51A(h) میں فراہم کی گئی ہے۔