کھیل

افغان سیریز کیلئے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین نے لاہور میں کہاکہ ان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیاہے جنہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا۔ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین نے لاہور میں کہاکہ ان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیاہے جنہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا۔

3 میاچس کی اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ورلڈ کپ کی تیاری کرنی ہے، ہمارے کچھ سینئر کھلاڑی 2 سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لئے انہیں آرام دیاگیاہے۔ نجم سیٹھی نے بتایاکہ بعض سینئر کھلاڑیوں کو افغانستان سیریز میں آرام دیاگیا ہے جن میں کپتان بابراعظم، فخرزمان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد رضوان شامل ہیں۔ زیادہ کرکٹ کھیلنے کے بعد پلیئرز کو آرام کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ حکومت نے افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہدایت کی۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ سیریز میں پی ایس ایل میں شریک نئے کھلاڑیوں کو موقع دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ حارث رؤف سے بھی بات ہوئی ہے، یہ لوگ اثاثہ ہیں ان کو آرام دیا جا رہاہے، نئے لوگوں کو چانس دیا جارہا ہے۔ بابراعظم کی کپتانی پر بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کپتانی کے معاملہ پر کوئی سازش نہیں ہورہی ہے۔

بابراعظم نیشنل اسکواڈ کے کپتان برقرار رہیں گے، وہ ہمارے ٹاپ اسٹار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم میرا کپتان ہے انہیں کبھی خطرہ نہیں ہے۔ یہ سب نیوزی لینڈ کیخلاف ایکشن میں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوچز لانے کے معاملہ پر طویل مشاورت ہوئی ہے، مکی آرتھر کیساتھ معاملہ چل رہا ہے، بیٹنگ کوچ تو ہمارے پاس ہیں، باقی نام کل تک اعلان کر دیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہندوستان کا موقف ہے کہ ایشیاء کپ پاکستان سے منتقل کرنا چاہیے، آئی سی سی اور اے سی سی سے اس معاملے پر بات کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس معاملہ پر حکومت کا موقف یہی کہ اگر ہندوستانی ٹیم یہاں نہیں کھیلے گی تو پاکستان بھی وہاں نہیں کھیلے گا، ہماری ٹیم کو ہندوستان میں سیکوریٹی کا خطرہ ہے۔ ٹیم اس طرح ہے۔ شاداب خان (کپتان)، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، افتخار احمد، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر، زمان خان، احسان اللہ، عماد وسیم، محمدحارث، محمد نواز‘ محمد وسیم جونیر۔