بھگوان رام سے راہول گاندھی کے تقابل پر تنازعہ
بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیہ نے پریس کانفرنس میں کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا جبکہ پارٹی کے ایک اور ترجمان شہزاد پونا والا نے کانگریس قائدین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ”پریوار کی بھکتی“ کو ”بھگوان اور راشٹر کی بھکتی“ سے اوپر رکھتے ہیں۔
مرادآباد/ نئی دہلی: سینئر کانگریس قائد سلمان خورشید نے راہول گاندھی کا تقابل بھگوان رام سے کیا اور انہیں ”سوپر ہیومن“ اور ”تپسیا کرنے والایوگی“ قراردیا۔وہ بھارت جوڑو یاترا کے لئے سابق صدر کی ستائش کررہے تھے۔ بی جے پی نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
اس نے اپوزیشن پارٹی قائدین کی ”چاپلوسی“ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کیس میں ضمانت پر رہا شخص کا بھگوان سے تقابل نہ صرف ہندوؤں بلکہ سارے سماج کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔ بی جے پی نیشنل ہیرالڈ تحقیقات کا حوالہ دے رہی تھی۔ کانگریس قائد تاہم اپنے ریمارکس پر اٹل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھگوان کی جگہ کوئی بھی نہیں لے سکتا لیکن ہر کوئی بھگوان کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ کسی کو اس پر اعتراض کیوں ہو۔ بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیہ نے پریس کانفرنس میں کانگریس کو نشانہ تنقید بنایا جبکہ پارٹی کے ایک اور ترجمان شہزاد پونا والا نے کانگریس قائدین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ”پریوار کی بھکتی“ کو ”بھگوان اور راشٹر کی بھکتی“ سے اوپر رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے کانگریس کو معافی مانگنی چاہئے۔ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے کانگریس ورکرس کا تقابل بھگوان رام کے بھائی بھرت سے کیا۔ سلمان خورشید‘ اترپردیش میں بھارت جوڑو یاترا کے کوآرڈینیٹر ہیں۔
انہوں نے پیر کے دن مرادآباد میں میڈیا سے کہا تھا کہ راہول گاندھی سوپر ہیومن ہیں۔ کڑاکے کی ٹھنڈ میں ہم ٹھٹھر رہے ہیں اور ہم نے جیاکٹس پہن رکھی ہیں جبکہ راہول گاندھی ٹی شرٹ میں یاترا کررہے ہیں۔ وہ یوگی جیسے ہیں جیسا کہ وہ خود کہہ چکے ہیں۔ وہ پوری توجہ کے ساتھ تپسیا کررہے ہیں۔
بی جے پی کے ردعمل کے بارے میں پوچھنے پر سلمان خورشید نے منگل کے دن میڈیا سے کہا کہ اگر کوئی بھگوان کے بتائے ہوئے راستہ پر چل رہا ہے تو کسی کو اعتراض کیوں ہو۔ بی جے پی نے کبھی کوئی بھلا مانس (اچھا آدمی) نہیں دیکھا ہے تو یہ اس کا مسئلہ ہے۔
بی جے پی ترجمانوں نے تاہم الزام عائد کیا کہ اپنے دورِ اقتدار میں کانگریس نے بھگوان رام کے وجود پر سوال اٹھایا تھا۔ بھارت جوڑو یاترا 3 جنوری کو غازی آباد کے مقام لونی سے یوپی میں داخل ہوگی۔ وہ باغپت اور شاملی سے گزرکر ہریانہ میں داخل ہوگی۔
سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا‘ کورونا وباء سے متعلق سائنٹفک رہنمایانہ خطوط پر عمل کرے گی۔ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر سلمان خورشید نے کہا کہ ہم ان کا احترام کرتے ہیں اسی لئے توہمارے قائد راہول گاندھی ان کی سمادھی پر گئے۔
بی جے پی ترجمان ہریش چندر سریواستو نے کہا کہ خورشید صاحب کو راہول گاندھی کا تقابل ”مہاپرش“ سے کرنے سے قبل ہزاروں مرتبہ سوچنے کی ضرورت ہے۔ وہ بیرسٹر ہیں لیکن ان کا بیان چاپلوسانہ ہے۔