شمالی بھارت

سادھوی پرگیہ کے خلاف غداری کا کیس درج کیا جائے

سادھوی کے ریمارک کے سلسلہ میں ربط پیدا کرنے پر بی جے پی ترجمان پنکج چترویدی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ سادھوی کا بیان کسی مذہب سے جڑا نہیں ہے۔ انہوں نے حفاظت ِ خوداختیاری کے تحت یہ بات کہی ہے۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس نے مطالبہ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن لوک سبھا پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف ”گھروں میں ہتھیار رکھنے“ کے ریمارک پر غداری کا کیس درج کیا جائے جبکہ بی جے پی نے یہ کہتے ہوئے پرگیہ سنگھ کا دفاع کیا کہ انہوں نے عورتوں کی حفاظت ِ خوداختیاری کے لئے یہ بات کہی تھی۔

شیواموگہ (کرناٹک) میں اتوار کے دن ایک پروگرام میں سادھوی نے کہا تھا کہ ہندوؤں کو ان پراور ان کے وقار پر حملہ کرنے والوں کو جواب دینے کا حق حاصل ہے۔ بھوپال کی رکن پارلیمنٹ نے ہندو فرقہ سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے گھر میں کم ازکم ایک چاقو تیز کراکر رکھے۔

مدھیہ پردیش کانگریس میڈیا شعبہ کے سربراہ کے کے مشرا نے پی ٹی آئی سے کہا کہ مرکز کو اب کارروائی کرنی چاہئے۔ لوگوں کو تشدد کے لئے اُکسانے پر سادھوی کے خلاف بغاوت کا کیس درج ہونا چاہئے۔ بی جے پی کی سابق ترجمان نپور شرما اور سادھوی کی حرکتیں ایک جیسی ہیں۔

 سادھوی پرگیہ 2008 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی ملزم ہے۔ شمالی مہاراشٹرا کے فرقہ وارانہ لحاظ سے حساس ٹاؤن مالیگاؤں میں 29 ستمبر 2008 کو ایک مسجد کے قریب موٹرسیکل میں رکھاگیا دھماکو آلہ پھٹ پڑاتھا۔ 6  افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

 سادھوی کے ریمارک کے سلسلہ میں ربط پیدا کرنے پر بی جے پی ترجمان پنکج چترویدی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ سادھوی کا بیان کسی مذہب سے جڑا نہیں ہے۔ انہوں نے حفاظت ِ خوداختیاری کے تحت یہ بات کہی ہے۔

بنگلورو سے آئی اے این ایس کے بموجب کرناٹک کے حالیہ دورہ میں مسلم اقلیت کے خلاف ”شرانگیز‘‘ تقریر پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف پولیس میں شکایت درج ہوئی ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

 وینچر کپٹلسٹ اور سیاسی تجزیہ نگار تحسین پوناوالا نے شیواموگہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جی کے متھن کمار سے سوشل میڈیا کے ذریعہ کی۔ انہوں نے شکایت کی کاپی‘ چیف منسٹر بسواراج بومئی کو بھی مارک کی۔

مدھیہ پردیش کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے اتوار کے دن شیواموگہ سٹی میں ہندو جاگرن ویدیکے کے سالانہ کنونشن میں حصہ لیا تھا۔ وہ بجرنگ دل کارکن ہرش کے مکان بھی گئی تھیں جسے حجاب کے خلاف مہم چلانے پر مار ڈالا گیا تھا۔پرگیہ ٹھاکر نے اپنی تقریر میں لوگوں سے کہا تھا کہ وہ لوجہاد کا اسی انداز میں جواب دیں۔

ہندوؤں کو چاہئے کہ وہ اپنی لڑکیوں کا خیال رکھیں۔ گھر میں ہتھیار رکھیں۔ ہتھیار ہ ہوں تو ترکاری کاٹنے والی چاقو تیز کرالیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن لوگوں نے ہمارے ہرش کو مارڈالا۔ ہندو کارکنوں کو مارنے چاقو استعمال ہوئے۔ ہمیں اپنی چاقو تیز کرالینی چاہئے۔

شکایت میں کہا گیا کہ پرگیہ سنگھ کی تقریر‘ اقلیتی فرقہ کے خلاف اسلحہ استعمال کرنے کی کھلے عام اپیل ہے۔ یہ تقریر ایک مخصوص فرقہ کے خلاف عدم برداشت‘ نفرت اور تشدد کو ہوا دے سکتی ہے جو جرم ہے۔ تحسین پونا والا نے پولیس سے گزارش کی کہ سادھوی کے خلاف کیس درج کیا جائے۔

a3w
a3w