تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ میڈیکل ڈے کا اہتمام
ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ دشابدی (دہائی) تقاریب کے تحت14جون کو میڈیکل ڈے منانے کا اعلان کیا۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ دشابدی (دہائی) تقاریب کے تحت14جون کو میڈیکل ڈے منانے کا اعلان کیا۔
آج سکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقد ہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 14جون کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) میں توسیعی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ان توسیعی کاموں کے تحت1571 کروڑ روپے کے مصارف سے 2000 بستروں پر مشتمل عصری سہولتوں سے آراستہ جدید بلاک کے تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو تقریب سنگ بنیاد کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
ہریش راؤ نے دیہی علاقوں کے عوام کو بہترین علاج ومعالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پلئے دواخانوں، شہری علاقوں کے سلمس میں رہنے والے عوام کیلئے بستی دواخانوں میں معیاری سہولتوں کی فراہمی، ہر شہر، ضلع اور ٹاونس میں مدر اینڈ چائلڈ کئیر سنٹر قائم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی صحت کی برقراری پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ ریاست میں ڈئیلائسس سنٹرس کی تعداد میں 3سے بڑھا کر103 کردیا گیا۔
تلنگانہ ڈائناگنوسٹک سنٹرس قائم کرتے ہوئے 57 اقسام کے طبی معائنہ مفت کرانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولتوں کو مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر عوام تک پہنچانے تشہیر ی مہم چلانے کا مشورہ دیا۔