دہلی

دہلی سے دبئی جانے والے طیارہ کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

کراچی ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ہندوستانی طیارے کے مسافر ٹرانزٹ لاؤنج میں ہیں اور ان کی مہمان نوازی کی جارہی ہے۔ انجینئرز طیارے کی جانچ کر رہے ہیں اور خامیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نئی دہلی: راجدھانی دہلی سے دبئی جانے والی اسپائس جیٹ ایئر لائن کے طیارے کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے آج پاکستان کے کراچی ایئرپورٹ پر اترنا پڑا۔ طیارے کے تمام مسافرین محفوظ ہیں۔ ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق فلائٹ نمبر ایس جی-11 کے ساتھ پروازکرنے والی بوئنگ B737 میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔

 راستے میں طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث سگنل لائٹ چمکنے لگی جس کے بعد طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ طیارہ بحفاظت اتر گیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت اتار کر مسافر خانے میں لے جایا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

بعد میں، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے اطلاع دی کہ عملہ کے ارکان نے دیکھا کہ بائیں طرف کے ایندھن ٹینک میں غیر معمولی طور پر ایندھن ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایمرجنسی چیک لسٹ کے مطابق چیک کیا لیکن ایندھن کی سطح نیچے آتی رہی۔

 اس پر پائلٹ نے کراچی میں ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور کلیئرنس ملنے کے بعد طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ ہوائی جہاز کے اترنے کے بعد جانچ پڑتال میں بائیں بازو کے مین ٹینک سے ایندھن کے رسنے کے کوئی ابتدائی آثار نہیں ملے۔

کراچی ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق ہندوستانی طیارے کے مسافر ٹرانزٹ لاؤنج میں ہیں اور ان کی مہمان نوازی کی جارہی ہے۔ انجینئرز طیارے کی جانچ کر رہے ہیں اور خاموں کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انجینئر کی منظوری کے بعد ہی طیارے کو ٹیک آف کی اجازت دی جائے گی۔