کھیل

رجت پاٹیدار اور شریاس کا علاج لندن میں ہوگا

آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے زخمی بلے باز رجت پاٹیدار انگلینڈ میں اپنا علاج کرائیں گے۔ وہیں ٹیم انڈیا کے بلے باز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان شریاس ایئر بھی اپنی کمر کی سرجری کیلئے برطانیہ جارہے ہیں۔

نئی دہلی: آئی پی ایل ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے زخمی بلے باز رجت پاٹیدار انگلینڈ میں اپنا علاج کرائیں گے۔ وہیں ٹیم انڈیا کے بلے باز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان شریاس ایئر بھی اپنی کمر کی سرجری کیلئے برطانیہ جارہے ہیں۔

اس کی تصدیق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے کی۔ یہ دونوں کھلاڑی آئی پی ایل 2023 میں ایک بھی میچ نہیں کھیل سکے اور ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی باہر ہوگئے۔

بی سی سی آئی کے ایک سینئر افسر کے مطابق رجت پاٹیدار کی بائیں ایڑی کی سرجری کا سارا خرچ بورڈ خود برداشت کرے گا۔ اس چوٹ کی وجہ سے وہ آئی پی ایل 2023 سے مکمل طورپر باہر ہوگئے تھے۔

بی سی سی آئی عہدیدار نے مزید کہاکہ بورڈ پاٹیدار کو سرجری کیلئے لندن بھیجے گا حالانکہ وہ سنٹرل کنٹراکٹ یافتہ کھلاڑی نہیں ہے لیکن وہ ایک ہدف والا کھلاڑی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کا بہتر علاج ہو۔ رجت پاٹیدار آئی پی ایل 2022 میں آر سی بی کیلئے پلے آف میچ میں شاندار سنچری کھیل کر سرخمیوں میں آئے۔

اس کے بعد انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ پاٹیدار کو سرجری کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیے جانے سے پہلے این سی ایس میں بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے۔ اس دوران بی سی سی آئی نے کہاکہ شریاس ایئر کا اگلے ہفتے آپریشن ہوگا۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے ایک بیان میں کہاکہ شریاس ایئر کو اگلے ہفتے کمر کے نچلے حصے کی سرجری کرنی ہے۔ وہ دو ہفتوں تک ایک سرجن کی نگرانی میں رہیں گے اور پھر بحالی کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو واپس جائیں گے۔ شریاس ایئر آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ کینگرو ٹیم کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں نہیں کھیل سکے تھے۔

اس سے قبل انہوں نے بی سی سی آئی اور این سی اے کے سرجری کے مشورے کو نظر انداز کیا تھا۔ ان کا خیال تھاکہ اگر ان کی سرجری ہوئی تو وہ 50 اوور کے ورلڈ کپ سے باہر ہو جائیں گے جس میں آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی شامل ہے۔ کیونکہ کمر کی چوٹ سے مکمل طورپر ٹھیک ہونے میں 5-6 ماہ لگیں گے۔